کراچی: جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں منشیات کے مقدمے میں نامزد ملزمہ انمول عرف پنکی کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں وومن جیل سپرنٹنڈنٹ عدالت کے روبرو پیش ہوئیں۔
دورانِ سماعت جیل حکام کی جانب سے ملزمہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کی درخواست دائر کی گئی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملزمہ کو آج تھانہ گارڈن میں درج مقدمے کے سلسلے میں عدالت میں پیش کیا جانا تھا، تاہم سیکیورٹی خدشات کے باعث اسے عدالت لانا ممکن نہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ ملزمہ کو عدالت میں پیش کرنے سے نقصِ امن کا خطرہ ہے لہٰذا مقدمے کے لیے نئی تاریخ مقرر کی جائے۔
جیل حکام نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ سماعت پر ملزمہ کو جیل سے آن لائن ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جائے گا، جس کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف منشیات کا مقدمہ تھانہ گارڈن میں درج ہے۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے انمول عرف پنکی کیخلاف منشیات کے مقدمے میں 2 سہولتکاروں کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت کے روبرو انمول عرف پنکی کیخلاف منشیات کے مقدمے میں 2 سہولت کاروں کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔
ملزمان سہیل الرحمان اور ذیشان الرحمٰن نے ایک مقدمہ میں درخواست ضمانت کی۔ وکیل صفائی نے موقف اپنایا کہ ملزمان کا انمول عرف پنکی کے اس فعل سے کوئی تعلق نہیں لہذا ضمانت منظور کی جائے۔
عدالت نے ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ محفوظ فیصلہ اس ہفتے سنائے جانے کا امکان ہے، ملزمان کیخلاف تھانہ بغدادی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔