190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکالت ناموں پر دستخط نہ ہو سکے

وکیل بانی پی ٹی آئی خالد یوسف چوہدری چار گھنٹے انتظار کے بعد اڈیالہ جیل سے واپس لوٹ گئے


کورٹ رپورٹر June 01, 2026
فوٹو: فائل

راولپنڈی:

190 ملین پاؤنڈ کیس میں اپیل کے لیے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکالت ناموں پر دستخط نہ ہوسکے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وکیل بانی پی ٹی آئی خالد یوسف چوہدری چار گھنٹے انتظار کے بعد اڈیالہ جیل سے واپس لوٹ گئے۔

خالد یوسف چوہدری نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کے وکالت نامے 25 مئی کو جیل حکام کو موصول ہو چکے تھے، جیل انتظامیہ کی جانب سے مجھے عید کے بعد آنے کا کہا گیا، وکالت ناموں پر دستخط نہ کروا کر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے انصاف تک رسائی کے حق میں رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے۔

وکیل نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں درخواستِ ضمانت مسترد ہونے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنا ہمارا مقصد ہے، 25 مئی کو ایک وکالت نامہ میڈیکل پٹیشن سے متعلق مجھے دیا گیا تھا، 190 ملین پاؤنڈ کیس کے وکالت ناموں پر تاحال دستخط نہیں کروائے جا رہے۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی سے کل ملاقات کیلیے فہرست ارسال

دریں اثنا عمران خان اور بشریٰ بی بی سے کل ملاقات کا دن ہے جس کے لیے پی ٹی آئی نے ملاقات کی فہرست جیل حکام کو بھجوادی۔

فہرست میں ایڈووکیٹ فیصل ملک، تابش فاروق، علی اعجاز بٹر، بابر اعوان، حسنین سنبل، بلال عمر بودلہ کے نام شامل ہیں، کل وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی کابینہ سمیت اڈیالہ آمد متوقع ہے، عمران خان کی بہنیں، بشریٰ بی بی کے فیملی ممبران بھی اڈیالہ آئیں گے۔