سعودی عرب کے شہر جدہ سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز غیر معمولی تاخیر کا شکار ہوگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پی آئی اے کی جدہ سے کراچی کی پرواز پی کے 860 نامعلوم وجوہات کیوجہ سے 15 گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔
اس پرواز میں 250 سے زائد پاکستانی حجاج کرام سوار ہیں جو جدہ ائیرپورٹ پر جہاز کی روانگی کے منتظر ہیں۔ پی کے 860 کو آج صبح پاکستان کے لیے اڑان اور صبح 10 بجے کراچی ائیرپورٹ لینڈ کرنا تھا ۔
مسافروں کو صبح 4 بجے سے ہوٹل سے ہوائی اڈے منتقل کیا گیا تھا۔ حجاج کرام نے پرواز کی غیرمعمولی تاخیر پر وزیراعظم سے نوٹس لینے اور فوری مدد کی اپیل کردی۔
حج پرواز میں تاخیر کے معاملے پر پی آئی اے حکام نے بتایا کہ جدہ سے کراچی کی پرواز میں تاخیر آپریشنل وجوہات کی وجہ سے ہوئی۔ حجاج کرام اور مکہ میں مکتب میں موجود تھے انہیں دستیاب فون نمبرز پر آگاہ کر دیا گیا تھا مگر مکاتب جلدی خالی کرنے کی غرض سے ائیرپورٹ پھر بھی لے آئے۔
متاثرہ پرواز کے حجاج کا ہر ممکن خیال رکھا جا رہا ہے۔ حجاج کرام کو جدہ حج ٹرمینل پر کھانا ، مشروبات اور مکمل رہنمائی فراہم کی گئی۔ مذکورہ پرواز سعودی وقت کے مطابق آج 7.10 پر روانہ ہو گی۔