حکومت اور پیپلز پارٹی کا اہم مشاورت اجلاس، بجٹ 10 جون کو پیش کرنے پر اتفاق

حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان اہم مشاورتی اجلاس بجٹ تجاویز، ترقیاتی منصوبوں اور معاشی ترجیحات پر بات کی گئی


خالد محمود June 03, 2026

حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان بڑا بریک تھرو سامنے آیا ہے، وفاقی بجٹ دس جون کو پیش کیا جائے گا جس کے لیے حکومت اور پپیلز پارٹی کے درمیان اتفاق ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان اہم مشاورتی اجلاس ہوا، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پیپلز پارٹی قیادت سے ملاقات کی، ملاقات میں آئندہ مالی سال کے بجٹ، ترقیاتی منصوبوں اور معاشی ترجیحات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں موجودہ اخراجات اور ترقیاتی بجٹ کی ترجیحات کا جائزہ لیا گیا۔ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا،مالیاتی استحکام، عوامی فلاح اور جامع اقتصادی ترقی سے متعلق امور زیر بحث آئے،مالی سال 2026-27 کے لیے معاشی حکمت عملی اور ترقیاتی اہداف پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بجٹ 2026-27 بدھ 10 جون 2026 کو پیش کرنے کی وزیراعظم کو سفارش پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، نوید قمر، شیری رحمان اور سلیم مانڈوی والا شریک ہوئے۔ سندھ کے ترقیاتی اور آبی منصوبوں سے متعلق امور بھی اجلاس میں زیر بحث آئے، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور معاون خصوصی طارق باجوہ بھی اجلاس میں شریک تھے۔

سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے بجٹ امور پر بریفنگ دی۔ حکومت اور اتحادی جماعتوں کے درمیان بجٹ پر مشاورتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

عوامی فلاح، ترقیاتی منصوبوں اور معاشی استحکام کو بجٹ کی اہم ترجیحات قرار دیا گیا، وفاقی بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں اتحادی جماعتوں سے مشاورت کا عمل آخری مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔