کراچی، شہر میں خودکشی کے واقعات میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے

دونوں واقعات کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے، پولیس


اسٹاف رپورٹر June 04, 2026

کراچی:

شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے دو الگ الگ واقعات میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جن میں ایک شخص نے مبینہ طور پر پھندا لگا کر جبکہ دوسرے نے خود کو مبینہ طور پر گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

چھیپا حکام کے مطابق کورنگی کوسٹ گارڈ چورنگی کے قریب واقع ایک گھر میں 51 سالہ علی مردہ حالت میں پائے گئے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق انہوں نے مبینہ طور پر پھندا لگا کر خودکشی کی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور لاش کو ضروری کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا جہاں ان کی شناخت علی کے نام سے کی گئی۔

دوسرا واقعہ پی آئی بی کالونی کی نور آٹا چکی والی گلی میں پیش آیا جہاں فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

چھیپا حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 24 سالہ اویس کے نام سے ہوئی جس کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اویس کی موت خود کو گولی مارنے کے باعث واقع ہوئی اور واقعہ بظاہر خودکشی معلوم ہوتا ہے۔

تاہم دونوں واقعات کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔