کراچی، خالد بن ولید روڈ پر تاجر کے اغوا کی واردات، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی

مسلح ملزمان تاجر کو زبردستی گاڑی میں بٹھا کر فرار ہو جاتے ہیں


اسٹاف رپورٹر June 04, 2026

کراچی:

شہر قائد کے مصروف علاقے خالد بن ولید روڈ پر گاڑیوں کے تاجر کے مبینہ اغوا کی واردات نے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔

اطلاعات کے مطابق تاجر کرن کمار کو نامعلوم مسلح افراد مبینہ طور پر زبردستی گاڑی میں بٹھا کر ساتھ لے گئے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں مشتبہ افراد کو واردات سے قبل موقع پر ریکی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

فوٹیج میں یہ بھی نظر آتا ہے کہ ایک شخص کے اشارے پر مزید افراد گاڑی میں پہنچتے ہیں جس کے بعد مسلح ملزمان تاجر کو زبردستی گاڑی میں بٹھا کر فرار ہو جاتے ہیں۔

مصروف شاہراہ پر پیش آنے والے اس واقعے کے بعد شہری حلقوں میں سیکیورٹی صورتحال پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

لوگوں کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے واقعات روزمرہ معمولات اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے تشویش کا باعث بن رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔