اورنگی ٹاؤن کے علاقے علی گڑھ مارکیٹ میں اندھی گولی لگنے سے 6 سالہ بچہ زخمی ہوگیا۔
ہیڈ محرر تھانہ اورنگی ٹاؤن حسیں کے مطابق زخمی بچے کی شناخت حذیفہ ولد وقاص کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعہ علی گڑھ مارکیٹ میں بقائی دواخانہ کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی بچے کو لگ گئی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق بچہ گھر میں موجود تھا جب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی کا نشانہ بنا۔ زخمی بچے کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے عباسی اسپتال اور بعد ازاں سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ اسپتال ذرائع کے مطابق بچے کی حالت تشویشناک ہے۔
ادھر گلشن معمار کے علاقے نور محمد گوٹھ میں آوارہ گولی لگنے سے 7 سالہ حسین ولد اکسان خان زخمی ہوگیا۔ زخمی بچے کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
تھانہ بلوچ کالونی کی حدود منظور کالونی میں 35 سالہ ارشاد ولد محمد انور نامی شخص اندھی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ جبکہ کیماڑی کے علاقے سکندر آباد میں 28 سالہ عمیر حبیب ولد غلام حبیب بھی اندھی گولی کا نشانہ بن کر زخمی ہوگیا۔