بیرون ملک سے مال درآمد کیلیے حکومت نے نئی شرط رکھ دی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے نئی ترمیم کو قانون میں شامل کرکے نوٹی فکیشن جاری کردیا


ارشاد انصاری June 06, 2026
فوٹو فائل

وفاقی حکومت نے درآمدی سامان کی کارگو ڈیکلریشن میں درآمد کنندگان کی شناخت سے متعلق نئی معلومات شامل کرنا لازمی قرار د یدیا ہے جس کیلئے کسٹمز رولز 2001 میں مزید ترامیم کردی ہیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کسٹمز رولز میں ترامیم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت درآمدی سامان کی کارگو ڈیکلریشن میں درآمد کنندگان کی شناخت سے متعلق نئی معلومات شامل کرنا لازمی قرار دی گئی ہیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ ترامیم کسٹمز ایکٹ 1969، سیلز ٹیکس ایکٹ 1990، فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 اور انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے تحت کی گئی ہیں۔

مجوزہ تبدیلیوں کے مطابق کارگو ڈیکلریشن (آئی جی ایم) میں کنسائنی سٹی کے بعد دو نئے کالم شامل کیے جائیں گے جن میں ایسے درآمد کنندگان کے لیے قومی شناختی کارڈ یا پاسپورٹ نمبر درج کرنا ہوگا جو این ٹی این یا ایف ٹی این کے پابند نہیں۔

 متعلقہ قوانین کے تحت رجسٹریشن کے پابند درآمد کنندگان کے لیے این ٹی این یا ایف ٹی این نمبر فراہم کرنا لازمی ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ان ترامیم پر عملدرآمد 15 اگست 2026 سے ملک کے تمام سمندری بندرگاہوں اور سرحدی کسٹمز اسٹیشنز پر ہوگا تاہم ائیرپورٹس پر جمع کرائے جانے والے آئی جی ایمز اس اطلاق سے مستثنیٰ ہوں گے۔