قومی اقتصادی کونسل آج سالانہ ترقیاتی پروگرام پر غور کرے گی

1126ارب کےPSDPسمیت 4 ہزار715ارب کے ترقیاتی منصوبے پیش کیے جائینگے


ارشاد انصاری June 07, 2026

اسلام آباد:

قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کااجلاس آج وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہوگا جس میں وفاقی وزرا، وزرائے اعلیٰ ،وزیراعظم آزاد کشمیر شرکت کریں گے۔

قومی اقتصادی کونسل قومی ترقیاتی بجٹ اور ترجیحات کا جائزہ لے گی۔ وفاقی وزارتوں اور صوبوں کے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی۔

اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام اور معاشی ترقی کی شرح کا ہدف بھی زیر غور آئے گا،آئندہ مالی سال 2026-27 کیلئے 1126 ارب روپے کےPSDP سمیت مجموعی طور پرچار ہزار715ارب روپے مالیت کے ترقیاتی بجٹ اور سالانہ ترقیاتی منصوبے کی منظوری دی جائیگی۔

ترقیاتی منصوبے میں صوبائی ترقیاتی پلان 3ہزار 138ارب روپے ہے۔ البتہ وزیراعظم کی منظوری سے ترقیاتی بجٹ میں مزید 200 ارب شامل کرکے وفاقی پی ایس ڈی پی کا حجم 1326 ارب کیا جا سکتا ہے۔

ریاست کے ملکیتی ادارے ترقیاتی سکمیوں پر451 ارب روپے الگ خرچ کریں گے۔ اگلے مالی سال کیلئے معاشی شرح نمو کا ہدف 4 فیصد اور اوسط مہنگائی کا تخمینہ 8.2فیصد مقرر کرنے کی منظوری متوقع ہے ۔