پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان عرب ریفائنری کمپنی (پارکو) کے درمیان ہاکی کوچز کی تربیت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گٸے۔
تقریب میں صدر پی ایچ ایف محی الدین وانی اور منیجنگ ڈائریکٹر پارکو مرتضیٰ قریشی نے ایم او یو پر دستخط کیے جبکہ وفاقی سیکرٹری پیٹرولیم عابد یعقوب اور ذیشان نقوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پی ایچ ایف محی الدین وانی نے کہا کہ قومی کھیل کی ترقی اور بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کوچز کی تربیت کا پروگرام ملک بھر میں شروع کیا جائے گا تاکہ جدید تقاضوں کے مطابق کوچنگ کا معیار بہتر بنایا جا سکے۔محی الدین وانی نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن جونیئر ٹیموں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ہاکی کو اس کا کھویا ہوا مقام دلانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اس موقع پر سیکرٹری پیٹرولیم عابد یعقوب نے کہا کہ پارکو ایک اچھے مقصد کے لیے قومی کھیل کی سرپرستی کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ کاوشوں سے پاکستان ہاکی دوبارہ عالمی سطح پر اپنی کھوئی ہوئی شناخت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر پی ایچ ایف محی الدین وانی نے کہا کہ قومی ٹیم کی پرو لیگ اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ بہتری کا عمل جاری ہے اور موجودہ خامیوں کو دور کرنے کے لیے مسلسل کام کیا جا رہا ہے۔بہتر نتاٸج کیلٸے پرامید ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کوریا کی ہاکی ٹیم کو پاکستان مدعو کیا جا رہا ہے اور کورین ٹیم پاکستان کی سینئر اور جونیئر ٹیموں کے خلاف میچز کھیلے گی، جس سے قومی کھلاڑیوں کو قیمتی بین الاقوامی تجربہ حاصل ہوگا۔