خیبرپختونخوا کی عدالتوں میں ملازمین کے موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی عائد

عدالتی اوقات کارکے دوران تمام عملہ اپنے موبائل فونزمتعین کردہ افسر یا ملازم کی تحویل میں دیں گے، پشاور ہائیکورٹ مراسلہ


کورٹ رپورٹر June 08, 2026
فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا کے ضلعی و ماتحت عدالتوں میں منسٹریل اسٹاف ودیگرملازمین کے موبائل فونز کے استعمال پر پابندی کردی گئی ہے جبکہ عدالتی اوقات کارکے دوران تمام عملہ اپنے موبائل فونز متعین کردہ افسر یا ملازم کی تحویل میں دینگے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور ہائیکورٹ کے رجسٹرارمحمد زیب خان کے دفترسے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کوجاری مراسلے کے مطابق ضلعی وماتحت عدالتوں میں تمام منسٹریل ودیگر عملے کو عدالتی اوقات کار کے دوران موبائل فون کے استعمال سے روکا جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پشاورہائیکورٹ اس ضمن میں ہدایات جاری کرچکی ہے لہذا ضلعی عدالتوں میں کام کرنے والا تمام منسٹریل عملہ ڈیوٹی کے دوران اپنے موبائل فونز متعلقہ انچارج برانچ یا ہیڈ کے پاس رکھیں گے اور ان موبائل فونز کوکسی بھی متعین کردہ افسرکی تحویل میں دیاجائے گا۔

پشاور ہائیکورٹ کے مراسلے کے مطابق کسی بھی گھریلو ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ عملہ لینڈ لائن یعنی ٹیلی فون استعمال کرسکیں گے۔

ان ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں ۔واضح رہے کہ بعض عملے کی جانب سے عدالتوں میں موبائل فونز کے استعمال سے متعلق شکایات پر مذکورہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔