قرض ادائیگی کے باعث زرمبادلہ ذخائر 14 ارب ڈالر سے کم ہوگئے

15 اگست کو ختم ہفتے میں ذخائر 33 کروڑ 83 لاکھ ڈالر گھٹ کر 13 ارب 92 کروڑ رہے


Business Reporter August 22, 2014
ایس بی پی ریزروز 28 کروڑ 53 لاکھ اور کمرشل بینکوں کے 5 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کم ہوگئے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

حکومت کی جانب سے گزشتہ ہفتے کے دوران بیرونی قرضوں کی مد میں 29 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کے باعث پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب ڈالر کی سطح سے گرگئے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق 15اگست کواختتام پذیر ہونے والے ہفتے کے دوران غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 33 کروڑ 83 لاکھ ڈالر کی کمی کے ساتھ 14 ارب 26 کروڑ41 لاکھ ڈالر کی سطح سے گھٹ کر 13ارب 92 کروڑ 58لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔

مرکزی بینک کے ذخائر میں اس دوران 28 کروڑ 53 لاکھ ڈالر کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد مرکزی بینک کے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر کی سطح 9 ارب 18 کروڑ 80 لاکھ ڈالر سے گھٹ کر 8 ارب 90 کروڑ 27 لاکھ ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ کے ذخائر 5 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی کمی کے بعد 5 ارب 7 کروڑ 61 لاکھ ڈالر سے گھٹ کر 5 ارب 2 کروڑ 31 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے، اس ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کی جانب سے بیرونی قرضوں کی مد میں 29 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کی گئی جس میں اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت آئی ایم ایف کو دیے جانے والے 14 کروڑ 70 لاکھ ڈالر بھی شامل ہیں۔