قائداعظم کا یوم وفات آج نہایت عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

قائداعظم 11 ستمبر1948کو پوری قوم کو روتا چھوڑ کر خالق حقیقی سے جاملے


Staff Reporter September 11, 2014
قائداعظم محمدعلی جناح کی روح کے ایصال ثواب کے لیے ملک بھر میں فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ فوٹو: فائل

لاہور: بانی پاکستان بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 66واں یوم وفات آج ملک بھر میں انتہائی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا رہا ہے۔

بابائے قوم کے یوم وفات پر کراچی سمیت ملک بھرمیں تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا، قائداعظم محمدعلی جناح کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی جائے گی، بانی پاکستان کے مزار پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، سندھ کابینہ کے ارکان، سیاسی اور سماجی تنظیموں کے رہنما، قائد اعظم کے اہل خانہ سمیت شہریوں کی بڑی تعداد حاضری دیں گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی سرکاری اورنجی سطح پر تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں مقررین قائداعظم محمد علی جناحؒ کی زندگی پر روشنی ڈالیں گے اور برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں کے لیے الگ وطن کے قیام کی جدوجہد اور شاندار خدمات پر قائداعظم کو زبردست خراج عقیدت پیش کریں گے جب کہ تقاریب میں سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

قائداعظم کے 66ویں یوم وفات پر الیکٹرونک میڈیا نے مختلف پروگرامز نشت کئے جائیں گے جب کہ پرنٹ میڈیا میں بھی مختلف مضامین شائع ہوں گے جن میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی زندگی پر روشنی ڈالی جائے گی۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ 25 دسمبر1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے اور 1913 میں آل انڈیا مسلم لیگ میں باقاعدہ شرکت کی اور برصغیر پاک وہند کو انگریزوں کے تسلط سے نجات دلانے اور مسلمانوں کے لیے الگ وطن کے حصول کی جدوجہد میں مصروف ہوگئے اور ان کی انتھک کاوشوں کی بدولت14 اگست 1947 کو پاکستان معرض وجود میں آیا، قائداعظم پاکستان کے پہلے گورنر جنرل بنے اور 11 ستمبر1948کو پوری قوم کو روتا چھوڑ کر خالق حقیقی سے جاملے۔


 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے