پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس پر 80 ہزار فی منٹ کا خرچہ

ارکان پارلیمنٹ کے ہاتھوں منتخب ایوان کی بے توقیری جاری، چیئرمین سینیٹ کی عدم شرکت


INP September 20, 2014
ارکان پارلیمنٹ کے ہاتھوں منتخب ایوان کی بے توقیری جاری،چیئرمین سینیٹ کی عدم شرکت۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

قومی خزانے سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس پر 80 ہزار روپے فی منٹ کاخرچہ ہوا، ارکان پارلیمنٹ کے ہاتھوں منتخب ایوان کی بے توقیری جاری رہی ہے۔

جمعے کو بھی اجلاس حسب معمول 45 منٹ تاخیر سے11بجکر 15منٹ پرشروع ہوا تو 446 رکنی ایوان میں 300 سے زائد نشستیں خالی پڑی تھیں۔ اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کی۔ جب اجلاس شروع ہوا توایوان میں اراکین کی تعداد بمشکل 100 ہوگی یوں 446کے ایوان میں سے 300 سے زائد نشستیں خالی پڑی رہیں۔

چیئرمین سینیٹ سید نیئرحسین بخاری حسب معمول جمعے کوبھی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شریک نہ ہوئے ان کی وزیراعظم کے ہمراہ مختص کردہ نشست ان کی راہ تکتی رہی، ایوان میں موجود اراکین کی غیر سنجیدگی اپنے عروج پر رہی، 2کروڑ روپے فی روزکا اجلاس پرقومی خزانہ کے خرچ کے باوجود عوامی نمائندے کوئی تعمیری کام کرنے کے بجائے اس میں گپ شپ کرتے رہے۔