’’ڈرون حملوں سے قبل آئی ایس آئی کواطلاع دی جاتی ہے‘‘

پاکستانی جنرل کوہرماہ ایک مرتبہ قبل از وقت تحریری آگاہ کیاجاتا ہے، وال اسٹریٹ جرنل


News Agencies September 27, 2012
پاکستانی جنرل کوہرماہ ایک مرتبہ قبل از وقت تحریری آگاہ کیاجاتا ہے، وال اسٹریٹ جرنل. فوٹو اے ایف پی

امریکی اخباروال اسٹریٹ جرنل نے انکشاف کیاہے کہ امریکی حکام ڈرون حملوں سے قبل ممکنہ اہداف والے علاقوں کے بارے میں پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے ایک فوجی جنرل کومہینے میں ایک مرتبہ قبل از وقت بذریعہ فیکس تحریری طور پر آگاہ کرتے ہیں۔

یہ انکشاف امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی ایک خصوصی رپورٹ میں کیا ہے رپورٹ کے مطابق ڈرون آپریشن سے آگاہ امریکی عہدے داروں کے مطابق پاکستانی حکام اس پیغام کاجواب نہیں دیتے باوجود یہ کہ وہ سرکاری طور پر ان میزائل حملوں کی مخالفت کرتے ہیں۔ اس (پاکستان کی خاموشی) بنیاد پر اور اس حقیقت کے پیشِ نظر کہ پاکستان مکمنہ اہداف والے علاقوں میں فضائی حدود کو بھی مزاحمتوں سے آزاد رکھتا ہے، امریکی حکومت یہ نتیجہ اخذ کرتی ہے کہ اسے ایک خود مختار ملک کی حدود میں ایسے حملوں کی خاموش اجازت حاصل ہے۔ اخبار لکھتا ہے کہ وائٹ ہائوس کی کونسل برائے قومی سلامتی اور امریکی سی آئی اے کے عہدے داروں نے پاکستان کی رضامندی کے بارے میں خیال آرآئی کرنے سے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ کوئی بھی ایسی معلومات خفیہ رکھی جاتی ہیں۔ پاکستان میں حکام نے ان تازہ امریکی دعووں پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ۔