کراچی میں پرفارم کرنے کا اپنا ہی مزہ ہے راحت فتح علی خان

شو میں کرکٹر شاہد آفریدی اعلیٰ سیاسی شخصیات کی بھی شرکت، شرکا جھومتے رہے


Showbiz Reporter September 23, 2014
شہر قائد موسیقی کو سمجھنے والا شہر ہے، یہاں سے داد ملنے پر اطمینان ملتا ہے، گفتگو فوٹو: فائل

پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارراحت فتح علی خاں نے کہاہے کہ کراچی روشنیوں کا شہر ہے۔

یہاں پربسنے والے لوگ موسیقی کے دلدادہ ہیں، یہاں پرفارم کرنے کا اپنا ہی مزہ ہے، سچے سروں میں بنے گیتوں کو جب اچھا رسپانس ملتا ہے تو مجھے دلی خوشی اور اطمینان محسوس ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار راحت فتح علی خاں نے گزشتہ روز کراچی میں منعقدہ میوزک پروگرام کے اختتام پر'' ایکسپریس ''سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ کراچی میں منعقدہ پروگرام میں جہاں ہمارے ملک کے معروف آل رائونڈر شاہد آفریدی موجود تھے وہیں اہم سیاسی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، خالد مقبول اور سابق گورنر میعن الدین حیدر جیسی اہم شخصیات کے علاوہ لوگوں کی کثیر تعداد دیکھ کر دلی خوشی ہوئی کیونکہ رات گئے تک جاری رہنے والے پروگرام میں جہاں تمام عمرکے لوگ موجود تھے وہیں ان کے رسپانس کو دیکھتے ہوئے میں نے مقررہ وقت سے زیادہ پرفارم کیا۔ تین گھنٹے تک جاری رہنے والی پرفارمنس کے دوران میں نے بالی ووڈ فلموں کے لیے گائے گیت سنائے جب کہ فرمائش پر لیجنڈ استاد نصرت فتح علی خاں مرحوم کی گائی قوالیاں اور غزلیں بھی پیش کیں جس پرشرکاء جھومتے رہے اورتالیاں بجا کرمجھے اورمیری ٹیم کوداد دیتے رہے۔

انھوں نے کہا کہ شہرقائد موسیقی کے پروگراموں کے انعقاد کے حوالے سے ہمیشہ آگے رہاہے اس لیے مجھے امید ہے کہ یہاں پروگراموں کے انعقاد میں اضافہ ہوگا اوریہاں بسنے والے اسی طرح ہماری پرفارمنسز سے محظوظ ہوتے رہیں گے۔

مقبول خبریں