سکھر و گڈو بیراج پر دریائے سندھ کی سطح میں مزید کمی صورتحال معمول پر آگئی

آئندہ 24 گھنٹوں میں کوٹری بیراج پر بھی سطح آب معمول کے مطابق ہوجائیگی، آبپاشی ذرائع


INP/Numainda Express September 24, 2014
دریائے چناب میں طغیانی نے احمد پور سیال میں پھر تباہی مچائی، 63 دیہات زیرآب آگئے۔ فوٹو: فائل

گڈو بیراج اور سکھر بیراج کے مقام پر دریائے سندھ کی سطح میں مزید کمی کے بعد صورتحال معمول پر آگئی جبکہ کوٹری بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب گزررہا ہے۔

جھنگ کے علاقے احمد پور سیال میں دریائے چناب میں آنے والی طغیانی نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی اور اسکے نتیجے میں 63 دیہات زیرآب آگئے جہاں سیکڑوں گھر پانی میں بہہ گئے۔ گزشتہ روز گڈو بیراج کے مقام پر 141978 کیوسک پانی کی آمد ہورہی تھی جبکہ اخراج 119534 کیوسک تھا۔ سکھر بیراج کے مقام پر بھی پانی کی سطح گرنے کا سلسلہ جاری تھا۔

گزشتہ روز سکھر بیراج پر اپ اسٹریم میں 170085 کیوسک پانی بہہ رہا تھا جبکہ یہاں سے ڈاؤن اسٹریم میں 118200کیوسک پانی خارج ہورہا تھا۔ تاہم کوٹری بیراج کے مقام پر سیلابی ریلہ پہنچنے کے بعد یہاں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ گزشتہ روز کوٹری بیراج پر اپ سٹریم میں 139130 کیوسک پانی کی آمد ریکارڈ کی گئی جبکہ یہاں سے ڈائون اسٹریم میں 103955 کیوسک پانی خارج ہورہا تھا۔ محکمہ آبپاشی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے میں کوٹری بیراج پر بھی پانی کی صورتحال معمول پر آجائیگی۔