جوان عزم کیساتھ قومی خدمت جاری رکھیں آرمی چیف

سب سے مشکل فرنٹ لائن پر تعینات دستوں کامورال،آپریشنل تیاری لائق تحسین ہے، جنرل راحیل شریف


Numainda Express September 25, 2014
گلگت:آرمی چیف جنرل راحیل شریف این ایل آئی سینٹربونجی کے دورے کے موقع پر خطاب کر رہے ہیں ۔ فوٹو : پی پی آئی

بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے بدھ کو گلگت کا دورہ کیا اور نادرن لائٹ انفنٹری رجمنٹل سینٹر بونجی میں ہونیوالی سالانہ کمانڈنگ آفیسرز کانفرنس میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق آرمی چیف نے یادگارشہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانیں نچھاور کرنیوالے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ این ایل آئی رجمنٹ کے افسران اور جوانوں سے خطاب میں جنرل راحیل شریف نے کہا کہ سب سے مشکل فرنٹ لائن پر تعینات فوجی دستوں کا مورال، آپریشنل تیاریاں اور مستعدی لائق تحسین ہے۔ انھوں نے افسران اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ فوج کے روایتی غیر متزلزل عزم کو برقرار رکھتے ہوئے قومی خدمت جاری رکھیں ۔

بعدازاں آرمی چیف نے جنگ میں حصہ لینے والے سابق فوجیوں سے بھی ملاقات کی اور ملک کیلیے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی خیروعافیت دریافت کی۔ انھوں نے این ایل آئی رجمنٹ کے کرنل کمانڈنٹ مقرر ہونیوالے لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق کو بیجز لگائے۔ رجمنٹل سنٹر آمد پر آرمی چیف کا کورکمانڈر راولپنڈی لیفٹننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ اور انسپکٹرجنرل ٹریننگ اینڈ ایوولوشن لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق نے استقبال کیا۔