پولیس مقابلوں میں 7 ملزمان ہلاک لیاری میں دوران کارروائی رینجرز اہلکار جاں بحق

سہراب گوٹھ میں ہلاک مصائب، بسم اﷲ، نیاز اور رحمن گل کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا،اغوا، پولیس اہلکاروں کے قتل۔۔۔


Staff Reporter September 26, 2014
صدر پاسپورٹ آفس کے قریب مبینہ مقابلے میں شاہد ہلاک ہوا، پولیس، شاہد کو ہفتے کی شام گرفتار کیا گیا تھا،عدالت میں پٹیشن بھی دائر ہے، ترجمان اہلسنّت و الجماعت۔ فوٹو: فائل

رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں مقابلوں کے دوران کالعدم تنظیم کے4 کارندوں سمیت 7ملزمان کو ہلاک کردیا جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے رینجرز کا ایک اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ کے قریب مچھر کالونی میں پولیس مقابلے کے دوران 2 ملزمان ہلاک اور2 زخمی ہو گئے ، پولیس نے ہلاک ا ور زخمی ہونے والے ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کر لیا ، ہلاک و زخمی ملزمان کو عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا جہاں زخمی ملزمان بھی دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے ، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت مصائب خان، بسم اﷲ عرف طاہر ،نیاز اور رحمن گل کے نام سے کرلی گئی۔

ہلاک ہونے والا ملزم مصائب خان نے چار روز قبل 4 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا جو تا حال مقامی اسپتال میں زیر علاج ہے ، ملزم بسم اﷲ اغوا برائے تاوان اور گینگ ریپ کے متعدد مقدمات میں ملوث تھا جبکہ ملزم نیاز اور رحمن گل دہشت گردی اور پولیس اہلکاروں کے قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے، ہلاک ہونے والے ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا ، پریڈی کے علاقے صدر پاسپورٹ آفس کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں 28 سالہ شاہد عرف ماما ولد آدم ہلاک ہوگیا۔

پریڈی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزما ن کے قبضے سے 2 دستی بم ایک نائن ایم ایم پستول برآمد ہوا ہے، پولیس نے بتایا کہ ملزم کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے تھا اور دہشت گردی کے ساتھ ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث تھا جبکہ اہلسنّت و الجماعت کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ مقتول لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ کا رہائشی تھا جسے ہفتے کی شام کو پولیس نے پرچون کی دکان سے پکڑا تھا ، شاہد ماما کی بازیابی کے لیے عدالت میں پٹیشن بھی داخل کی تھی، جمعرات کی صبح عدالت نے ملزم کو پیش کرنے کے لیے پولیس کو حکم دیا تھا تاہم پولیس نے جمعرات کی صبح ہی اسے قتل کردیا، شاہد ماما ایک بچے کا باپ تھا۔

کلاکوٹ کے علاقے لیاری شہرخ لین میں لیاری گینگ وار کے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز نے چھاپہ مارا تو وہاں موجود ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار لائنس نائیک انور علی زخمی ہو گیا ، رینجرز کی جوابی فائرنگ سے2 ملزمان مارے گئے،ہلاک ہونے والے ملزمان کے قبضے سے دستی بم اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے، زخمی رینجرز کے اہلکار اور ہلاک ہونے والوں کی لاشیں سول اسپتال پہنچائی گئیں جہاں لائنس نائیک انور علی دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت نہیں کی جاسکی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں