نئے افغان صدر اشرف غنی آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

تقریب حلف برداری میں صدر ممنون سمیت دیگر ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے،عبداللہ عبداللہ چیف ایگزیکٹو کا حلف اٹھائیں گے


/INP September 29, 2014
تقریب حلف برداری میں صدر ممنون سمیت دیگر ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے،عبداللہ عبداللہ چیف ایگزیکٹو کا حلف اٹھائیں گے۔ فوٹو: فائل

افغانستان کے منتخب صدر ڈاکٹر اشرف غنی آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ طالبان کے ممکنہ حملوں کے خطرے کے پیش نظر کابل میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کر دیے گئے ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق نئے افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی کی تقریب حلف برداری صدارتی محل میں ہوگی جس میں حامد کرزئی سمیت پاکستانی صدرممنون حسین اوردیگر ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ بھی چیف ایگزیکٹو کا حلف اٹھائیں گے۔ عبداللہ عبداللہ کا عہدہ وزیر اعظم کے برابر ہوگا۔

اس سے قبل اتوار کوکابل میں ہونے والی ایک تقریب میں صدارتی امیدواروں نے شراکت اقتدارکے معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت اشرف غنی ملک کے صدر جب کہ عبداللہ عبداللہ چیف ایگزیکٹو ہوں گے۔

واضح رہے کہ افغان صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں امیدوار عبداللہ عبداللہ کو کامیابی حاصل ہوئی تھی تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے سرکاری اعلان کے بعد اشرف غنی کو کامیاب امیدوار قرار دیا گیا جس کے بعد عبداللہ عبداللہ نے نتائج ماننے سے انکار کردیا تھا۔