پاکستان اسٹیل کو مالیاتی پیکیج کے 135 ارب مل چکے

خام مال کا انتظام کرلیا، آئندہ ماہ پیداوار 45 تا 50 فیصد تک پہنچنے کی امید ہے، سی ای او


Business Reporter September 30, 2014
ادارہ جلد اپنے پاؤں پر کھڑا ہوجائے گا، رجسٹرڈ ٹریڈرز وکنزیومرز کے وفد سے ملاقات۔ فوٹو: فائل

پاکستان اسٹیل ملک کا قیمتی اثاثہ ہے، موجودہ حکومت نے پاکستان اسٹیل کی بحالی اور ترقی کیلیے 18 ارب 50 کروڑ روپے کے مالیاتی پیکیج کی 25 اپریل2014 کو منظوری دی اور اب تک پاکستان اسٹیل کو 5 مختلف قسطوں کے ذریعے 13 ارب 50 کروڑ وصول ہوچکے ہیں۔

انتظامیہ پاکستان اسٹیل نے خام مال کی مسلسل درآمد کا نہ صرف انتظام کیا بلکہ20 ستمبر تک اسٹیل ملزکی پیداوار 22 فیصد پر پہنچ گئی، توقع ہے کہ آئندہ ماہ پیداوار 45 تا 50 فیصدتک پہنچ جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل (ریٹائرڈ) ظہیر احمد خان نے آپریشنز بلڈنگ بن قاسم کراچی میں پاکستان اسٹیل کی مصنوعات کے خریدار، رجسٹرڈ ٹریڈرز/ کنزیومرز کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے ٹریڈرز وکنزیومرز سے کہا کہ ہم نے ماضی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور اب بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، ادارے کے مربوط کارخانوں کی اپ گریڈیشن، آٹو میشن، کیپٹل ریپیرز اور مینٹینینس کے اہم اور ضروری کاموں کو اولیت اور فوقیت دی جارہی ہے، اس کے علاوہ اعلیٰ معیار کے خام لوہے (آئرن اوور) اور میٹالرجیکل کول(کوئلے) کی مسلسل درآمد کے نہ صرف انتظامات کیے گئے بلکہ بہترین اور معیاری مصنوعات کی پیداوارکے بھی اقدامات کیے گئے، ان مصنوعات کو فروخت کرنے کیلیے کنزیومرز کیلیے انتظامیہ نے شفاف پالیسی کا اجرا کیا ہے۔

حکومت نے انتظامیہ پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے پاکستان اسٹیل کی بقا و سلامتی اور ترقی کے لیے 18 ارب 50 کروڑ روپے کے مالیاتی پیکیج کی منظوری دی، اس امر سے یہ بات عیاں ہوتی ہے کہ موجودہ حکومت نے اب ادارے کے ملازمین پر مکمل بھروسہ کیا ہے، پاکستان اسٹیل کے تجربہ کار انجینئرز اور ہنرمندوں کی صلاحیتوں کا حکومت کی جانب سے کیے گئے اعتراف کی بدولت ہمارے حوصلے اور اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان اسٹیل کی معیاری مصنوعات کی بروقت فراہمی سے اس قومی اثاثے کی نہ صرف حفاظت کی جاسکتی ہے بلکہ جلد اپنے پاؤں پر کھڑا ہوجانے کی توقع ہے۔

ٹریڈرز/ کنزیومرز کے وفد نے پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ قومی ادارے کی ترقی کیلیے مکمل تعاون کریں گے۔ وفد کے اراکین نے دوران اجلاس کہا کہ اس نوعیت کی ملاقاتیں مستقبل میں بھی جاری رہنا چاہئیں۔ کنزیومرز نے چندتجاویز بھی پیش کیں جس پر انتظامیہ نے عمل درآمد کی یقین دہانی بھی کرائی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں