فاٹا کے نوجوانوں کے لیے فوج کے دروازے کھول دیے گئے

فاٹا کے1500 بچوں کو تمام کنٹومنٹس کے آرمی اسکولوں میں بلامعاوضہ تعلیم دی جائے گی ...


Editorial October 09, 2014
فاٹا کے1500 بچوں کو تمام کنٹومنٹس کے آرمی اسکولوں میں بلامعاوضہ تعلیم دی جائے گی۔ فوٹو: فائل

پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے عیدالاضحی شمالی وزیرستان میں اگلے مورچوں پر منائی اور انھوں نے وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں (فاٹا) کے نوجوانوں کو مرکزی دھارے میں لانے اور ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے لیے ایک جامع پیکیج کا اعلان کیا جس کے تحت فاٹا کے 14000 نوجوانوں کو اگلے پانچ سالوں میں پاک فوج میں شامل کیا جائے گا جب کہ فوری طور پر پہلے 6 ماہ میں ایک ہزار نوجوانوں کو پاک فوج میں بھرتی کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ فاٹا کے1500 بچوں کو تمام کنٹومنٹس کے آرمی اسکولوں میں بلامعاوضہ تعلیم دی جائے گی۔ یاد رہے اس سے قبل بلوچستان کے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کو پاک فوج میں شامل کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ یہی فیصلہ سندھ کے نوجوانوں کے لیے بھی ہونے سے پورے ملک میں قومی ہم آہنگی کے فروغ میں زبردست مدد حاصل ہو گی اور اس حوالے سے پنجاب کو جو ہدف تنقید بنایا جاتا ہے اس کا مداوا بھی ہو گا۔ جنرل راحیل نے مزید بتایا کہ ملٹری کیڈٹ کالجز میں فاٹا کے طلبہ کے لیے سالانہ بنیاد پر سیٹیں بھی مختص کی جا چکی ہیں نیز انھیں فوج کے ٹیکنیکل ٹریننگ کے اداروں میں تکنیکی تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔

مزید براں فاٹا کے نوجوانوں کے لیے بڑے پیمانے پر سمندر پار ملازمتوں کے لیے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں تا کہ اس علاقے سے بیروزگاری اور غربت کو دور کیا جا سکے۔ آرمی چیف کے یہ اعلانات انتہائی دور رس نتائج کے حامل ہوں گے اور اگر اس نہایت اہم پہلو پر پہلے توجہ دی گئی ہوتی تو وطن عزیز بہت سی قباحتوں سے محفوظ اور مامون رہ سکتا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں