ویسٹ انڈیز بھارت پر موجود دباؤ برقرار رکھنے کا خواہاں

دونوں ممالک میں دوسرا ون ڈے آج ہوگا، امیت مشرا کی جگہ کلدیپ یادیو کو موقع ملنے کا امکان


Sports Desk October 11, 2014
میزبان بیٹسمین ویرت کوہلی کو کالی آندھی کیخلاف ہزار رنز کی تکمیل کیلیے 79 کی اننگز درکار۔ فوٹو : اے ایف پی

بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل ہفتے کو دارالخلافے میں منعقد ہورہا ہے۔

پانچ میچز پر مشتمل سیریز کے ابتدائی ٹاکرے میں کالی آندھی نے دھونی الیون کو 124 رنز سے اڑاکر رکھ دیا تھا، بھارتی ٹیم بدترین ناکامی کے بعد سیریز میں واپسی کیلیے اپنے حوصلوں کو مجتمع کررہی ہے، حالیہ دنوں میں فیروز شاہ کوٹلہ کی وکٹ کے بارے میں کچھ اچھی خبریں منظرعام پر نہیں آئی ہیں ، دہلی کے کپتان گوتم گمبھیر نے بھی گذشتہ رنجی ٹرافی سیزن میں اپنے ہوم میچز دوسرے وینیو پر منتقل کرائے تھے، تاہم کیوریٹر نے اس مرتبہ وکٹ کے بہترین ہونے کی امید دلائی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ موجودہ وکٹ پر بیٹسمینوں کے ساتھ ساتھ بولرز کو بھی خاطرخواہ باؤنس مل پائے گا، سردست گرین دکھائی دینے والی وکٹ پر میچ سے قبل گھاس کو تراشا جاسکتا ہے، اس کے علاوہ موسم بھی کھیل کیلیے انتہائی سازگار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، سورج اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ جگمگاتا رہے گا، تاہم شام کے اوقات میں اوس کا عنصر ٹیموں کو کچھ پریشان کرسکتا ہے،ایشانت کی واپسی سے دھونی کا بولنگ اٹیک مضبوط ہوگا، کوچی میں پہلے ون ڈے میں بھی دھونی بولرز کی پرفارمنس سے خوش تھے، تاہم اس مقابلے میں امیت مشرا کی جگہ کلدیپ یادیو کو آزمایا جاسکتا ہے۔

ویسٹ انڈیز نے ابتدائی ایک روزہ میں انجرڈ لینڈل سیمنز کی جگہ ڈیوائن براوو کو موقع دیا تھا، سیمنز کے کمر کی انجری سے نجات پانے تک وہ اسی تال میل کو برقرار رکھنا چاہیں گے، بھارتی بیٹسمین ویرت کوہلی کو ویسٹ انڈیز کیخلاف ہزار رنز کی تکمیل کیلیے 79 کی اننگز درکار ہے، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے چوتھے بھارتی بیٹسمین بن سکتے ہیں، اس کے علاوہ ویسٹ انڈیز دہلی میں پہلی مرتبہ بھارت کیخلاف ون ڈے انٹرنیشنل میں مدمقابل آرہی ہے، اگرچہ کیریبیئن جزائز کی ٹیم تواتر سے بھارت کا دورہ کرنے والی ٹیموںمیں شامل ہے، لیکن اس میدان پر اس سے قبل دونوں ممالک کے درمیان صرف ایک ٹیسٹ میچ ہی 2011 میں منعقد ہوا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں