پاکستان کشمیریوں کی سیاسی و سفارتی حمایت کرتا رہے گا پرویز رشید

ہندوستان کب اپنا وعدہ پورا کرے گا، اقوام متحدہ کی قرارداد کو منظور ہوئے دہائیاں گزر گئیں, پرویز رشید


INP October 27, 2014
سرحد پر بھارتی رویے سے اسے جارح ریاست کے طور پر دیکھا جانے لگا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے حقوق کیلیے آزادی کی تحریک لڑنے والے کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی و سفارتی حمایت کرتا رہے گا۔

ہندوستان کب اپنا وعدہ پورا کرے گا، اقوام متحدہ کی قرار داد کو منظور ہوئے دہائیاں گزر گئیں، بھارت کی وعدہ خلافی کی وجہ سے اس کی عالمی و سفارتی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی، ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر بھارتی رویہ اور سرحدی خلاف ورزیاں دنیا میں ہندوستان کو جارح ریاست کے طور پر دیکھا جانے لگا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانیوں کیلیے کشمیریوں کے ساتھ ہر دن یکجہتی کا دن ہوتا ہے،14اگست 1947سے لے کر آج تک ایک دن بھی ایسا نہیں گزرا جب پاکستان نے کشمیریوں کی حمایت کیلیے آواز بلند نہ کی ہو، اسی اخلاقی سیاسی و سفارتی حمایت کا تسلسل ہے کہ آج (27 اکتوبر کو) پاکستانی یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ بھارت نے سیلاب میں مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات سے ہی خطے میں امن قائم ہو سکتا ہے تاہم بھارت کسی بھول میں نہ رہے، پاکستانی قوم اپنی سرحدوں کے دفاع کیلیے ہمہ تن چوکس ہے، انھوں نے کہا کہ آج (پیر کو) کراچی سے خیبر تک پاکستانی قوم یوم سیاہ منا کردنیا کو اور بالخصوص اقوام متحدہ کو یاد کروائے گی کہ وہ اپنی منظور کردہ قرار دادوں پر عملدرآمد کروائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں