حصص مارکیٹ مندی سے نکل آئی 91 پوائنٹس کا اضافہ

تیزی کے سبب 51 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 19ارب19 کروڑ85 لاکھ16 ہزار 285 روپے کا اضافہ ہوگیا۔


Business Reporter October 31, 2014
کاروباری حجم بدھ کی نسبت 41.49 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر15 کروڑ17 لاکھ27 ہزار 100 حصص کے سودے ہوئے۔ فوٹو: آن لائن/فائل

آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا پرافٹ مارجن بڑھنے کی افواہوں کے بعد ماری پٹرولیم، پی ایس او سمیت دیگرمخصوص اسٹاکس میں خریداری سرگرمیوں جبکہ نئی مثبت پالیسی متعارف ہونے کے امکانات پر آٹو موبائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج جمعرات کو معمولی اتارچڑھاؤ کے بعد مندی سے نکل آئی جس سے انڈیکس کی 30200 پوائنٹس کی حد بھی بحال ہوگئی۔

تیزی کے سبب 51 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 19ارب19 کروڑ85 لاکھ16 ہزار 285 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک وتاجران کا کہنا ہے کہ جمعرات کو مارکیٹ میں مختلف مثبت اطلاعات زیرگردش رہیں جس کی وجہ سے تیزی کے اثرات غالب رہے، ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، این بی ایف سیز اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طورپر52 لاکھ 65 ہزار168 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا۔

اس انخلا سے 9.32 پوائنٹس کی معمولی مندی ہوئی لیکن اس دوران مقامی کمپنیوں کی جانب سے 5 لاکھ97 ہزار890 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے39 لاکھ65 ہزار902 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے7 لاکھ1 ہزار376 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری نے مارکیٹ میں تیزی کے رجحان کو غالب کردیا، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 90.85 پوائنٹس بڑھ کر 30204.09 پوائنٹس اورکے ایس ای30 انڈیکس13.39 پوائنٹس کے اضافے سے 19996.77 پوائنٹس ہوگیا۔

اس کے برعکس کے ایم آئی30 انڈیکس 21.87 پوائنٹس کی کمی سے48410.31 ہوگیا، کاروباری حجم بدھ کی نسبت 41.49 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر15 کروڑ17 لاکھ27 ہزار 100 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار404 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں206 کے بھائومیں اضافہ، 173 کے داموں میں کمی اور25 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں