کراچی اسٹاک مارکیٹ انڈیکس پہلی بار 30593 پوائنٹس پر پہنچ گیا

سیاسی درجہ حرارت اور کموڈیٹیز کی قیمتیں گرنے پر مارکیٹ میں خریداری بڑھ گئی، 51 لاکھ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری


Business Reporter November 06, 2014
217پوائنٹس کا اضافہ،زیادہ ترکمپنیوں کی قیمتیں،مارکیٹ سرمایہ60ارب روپے بلند،23 کروڑ28 لاکھ حصص کے سودے۔ فوٹو: آئی این پی/فائل

ملک میں سیاسی درجہ حرارت کم ہونے عالمی سطح پر کموڈٹیز اور قیمتی دھاتوں کی گرتی ہوئی قیمتوں کے باعث سرمایہ کاروں کا کیپیٹل مارکیٹ کا رخ کرنے اور اوجی ڈی سی ایل کے10 فیصد حصص کی فروخت سے75 کروڑ ڈالر آمدنی کے امکانات کے سبب کراچی اسٹاک ایکس چینج میں طویل تعطیلات کے بعد بدھ تیزی کی بڑی لہر رونما ہوئی جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بارانڈیکس 30500 پوائنٹس کی حد عبورکرگیا۔

تیزی کے باعث66.91 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 60 ارب 58 کروڑ93 لاکھ 14 ہزار23 روپے کا اضافہ ہوگیا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر330 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی30700 پوائنٹس کی حد بھی عبور ہوگئی تھی لیکن مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر53 لاکھ 63 ہزار42 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جس سے تیزی کی شرح میں کمی واقع ہوئی البتہ اس بھاری انخلا کے باوجود کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی کیونکہ اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے کی جانے والی51 لاکھ 6 ہزار541 ڈالر اوراین بی ایف سیز کی جانب سے2 لاکھ 56 ہزار502 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری نے مارکیٹ کے مورال کو بلندی کی جانب گامزن رکھا۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے بھاشا ڈیم پروجیکٹ شروع کیے جانے کی خبروں پر سیمنٹ سیکٹر میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری نے بھی مارکیٹ کی تیزی میں اہم کردار ادا کیا نتیجتا کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس216.78 پوائنٹس کے اضافے سے30593.31 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 79.43 پوائنٹس کے اضافے سے20184.25 اور کے ایم آئی30 انڈیکس384.91 پوائنٹس کے اضافے سے49084.06 ہوگیا۔

کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت65.29 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر23 کروڑ28 لاکھ 25 ہزار230 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 405 کمپنیوں کے حصص تک وسیع ہوا جن میں 271 کے بھاؤ میں اضافہ، 116 کے داموں میں کمی اور18 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں یونی لیورفوڈز کے بھاؤ350 روپے بڑھ کر9050 روپے اور سیمینس پاکستان کے بھاؤ 52.87 روپے بڑھ کر 1110.37 روپے ہوگئے جبکہ رفحان میظ کے بھاؤ 385 روپے کم ہوکر10850 روپے اور سینوفی ایونٹیز کے بھاؤ 35 روپے کم ہوکر730 روپے ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں