اسرائیل نے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا کر جنگی جرائم کئے ایمنسٹی انٹرنیشنل

چین کا اسرائیل سے غیر قانونی آبادیوں کی تعمیر روکنے کا مطالبہ، مقبوضہ علاقوں میں نئے گھروں کی تعمیر پر ڈنمارک کی مذمت


INP November 06, 2014
فلسطین کااسرائیلی قبضے کے خاتمے کی تاریخ مقرر کرنے کیلیے سلامتی کونسل میں ایک قرارداد کا مسودہ جمع کرانے کااعلان۔ فوٹو: فائل

ایمنسٹی انٹر نیشنل نے غزہ جنگ کے بارے میں تازہ رپورٹ پیش کردی جس میں اسرائیل کے جنگی جرائم کے حوالے سے انکشافات سامنے آئے ہیں جب کہ چین نے اسرائیل سے غیر قانونی آبادیوں کی تعمیر روکنے کا مطالبہ کر دیا۔

دوسری جانب ڈنمارک نے بھی اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس میں مزید 500 گھر تعمیرکرنے کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔ عالمی میڈیا کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل کی تازہ رپورٹ میں غزہ جنگ کے دوران نئے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ایمنسٹی نے8 واقعات کی مثالیں دی ہیں، جن میں اسرائیلی فورسز نے اطلاع دیے بغیر رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا۔ رپورٹ کے مطابق ان واقعات میں104 فلسطینی شہید ہوئے جن میں 62 بچے بھی شامل تھے۔

اس رپورٹ میں ایمنسٹی نے فلسطینی جنگجوؤں پربھی جنگی جرائم کے الزام عائد کیے ہیں۔اسرائیلی حکام نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ مستردکرتے ہوئے کہا کہ ایمنسٹی کے پاس اپنے دعوؤں کو ثابت کرنے کیلیے کوئی ثبوت نہیں۔ اسرائیلی وزارت خارجہ نے ایمنسٹی رپورٹ کوحماس اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے پروپیگنڈہ کی حمایت قرار دیا۔ ادھر چین نے اسرائیل سے تمام غیرقانونی آبادیوں کی تعمیر روکنے اور فلسطین کیساتھ فوری امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

پریس بریفنگ میں ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے اقدامات امن کیلیے بین الاقوامی کاوشوں کیخلاف ہیں۔وہ فلسطین سے دوبارہ امن مذاکرات شروع کرے۔ڈنمارک کے وزیرخارجہ مارٹن لدگارد نے فلسطینی وزیرخارجہ ریاد الملکی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے اسرائیلی فیصلے کو آزاد فلسطینی ریاست کے قیام میں رکاوٹ قراردیا۔ فلسطین نے اسرائیلی قبضے کے خاتمے کی تاریخ مقرر کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک قرارداد کا مسودہ جمع کرانے کااعلان کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں