کراچی اسٹاک مارکیٹ پہلی بار 30900 پوائنٹس کی حد عبور

تیزی کے سبب 73.62 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 61ارب93کروڑ31لاکھ18ہزار219روپےکا اضافہ ہوگیا۔


Business Reporter November 08, 2014
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس266.26 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 30930.04پر پہنچ گیا۔ فوٹو: آن لائن/فائل

او جی ڈی سی ایل کے حصص کی نیلامی اور مقامی سرمایہ کاروںکی آئل اینڈ گیس، بینکنگ اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی نمایاں تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس30900 پوائنٹس کی حد بھی عبور کرگیا جبکہ ماہرین کا خیال ہے کہ آئندہ ہفتے مارکیٹ انڈیکس 31000 پوائنٹس کی حد بھی عبور کرجائے گا۔

تیزی کے سبب 73.62 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 61 ارب93 کروڑ31 لاکھ18 ہزار219 روپے کا اضافہ ہوگیا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر335 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی لیکن پرافٹ ٹیکنگ پر رحجان غالب ہونے سے تیزی کی مذکورہ شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی۔

کاروباری دورانیے میں غیرملکیوں، مقامی کمپنیوں، میوچل فنڈز اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر75 لاکھ77 ہزار922 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود مارکیٹ مثبت زون میں رہی کیونکہ اس دوران بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے42 لاکھ68 ہزار 43 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے28 لاکھ81 ہزار59 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے4 لاکھ28 ہزار820 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جس سے مارکیٹ کا مورال بلندی کی جانب گامزن رہا۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس266.26 پوائنٹس کے اضافے سے 30930.04 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 171.11 پوانٹس کے اضافے سے20328.32 اور کے ایم آئی30 انڈیکس459.86 پوائنٹس کے اضافے سے 49564.82 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 6.54 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر27 کروڑ45 لاکھ50 ہزار560 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار417 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں307 کے بھائو میں اضافہ، 95 کے داموں میں کمی اور15 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں