شرح سود میں کمی حصص مارکیٹ پہلی بار 31700 کی حد عبور کرگئی

52 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا جبکہ حصص کی مالیت45 ارب45 کروڑ 43 لاکھ 98 ہزار524 روپے بڑھ گئی۔


Business Reporter November 18, 2014
مجموعی طور پر27 کروڑ 67 لاکھ68 ہزار 920 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار414 کمپنیوں کے حصص تک وسیع ہوا۔ فوٹو: آن لائن/فائل

نئی مانیٹری پالیسی کے تحت شرح سود کم ہونے کا کراچی اسٹاک ایکس چینج نے پیر کو زبردست تیزی کے ساتھ خیرمقدم کیا جس سے انڈیکس پہلی بار31700 پوائنٹس کی حد عبور کرگیا، 52 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا جبکہ حصص کی مالیت45 ارب45 کروڑ 43 لاکھ 98 ہزار524 روپے بڑھ گئی۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ پیرکو کاروبار کے آغاز سے ہی زبردست تیزی کا رحجان غالب رہا کیونکہ ڈسکائونٹ ریٹ میں کمی کے بعد سرمایہ کاروں کی معاشی سرگرمیوں میں تیزی، قرضوں کی لاگت میں کمی سے صنعت کاری کے فروغ جیسی توقعات بڑھ گئیں اور انہی توقعات پر انہوں نے مخصوص شعبوں میں سرمایہ کاری کو ترجیح دی، تیزی میں سیمنٹ، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور بعض دیگر بلیوچپس میں زائد خریداری نے اہم کردار ادا کیا حالانکہ اس دوران فوری منافع کے حصول کے لیے کچھ سرمایہ کاروں نے حصص کی آف لوڈنگ بھی کی لیکن اس کے باوجود مارکیٹ میں نمایاں تیزی کا رحجان برقرار رہا۔

ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 422 پوائنٹس تک تیزی رونما ہوئی لیکن اس دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں و مالیاتی اداروں، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر76 لاکھ24 ہزار 183 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جس سے تیزی کی مذکورہ رفتارمیں کمی ہوئی تاہم کاروباری دورانیے میں غیرملکیوں کی جانب سے12 لاکھ81 ہزار574 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے 57 لاکھ85 ہزار 435 ڈالر اور این بی ایف سیز کی جانب سے5 لاکھ57 ہزار 174 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری نے تیزی کی بڑی لہر میں اہم کردار ادا کیا جس سے کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 358.72 پوائنٹس کے اضافے سے31702.79 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 250.63 پوائنٹس بڑھ کر 20779.65 اور کے ایم آئی30 انڈیکس509.05 پوائنٹس کے اضافے سے 50677.29 ہوگیا۔

کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 17.51فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر27 کروڑ 67 لاکھ68 ہزار 920 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار414 کمپنیوں کے حصص تک وسیع ہوا جن میں215 کے بھائو میں اضافہ، 178 کے داموں میں کمی اور21 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں