حصص مارکیٹ میں انڈیکس 32148 پوائنٹس کی بلد ترین سطح پر پہنچ گیا

سرمایہ کاروں کی بینکنگ، گیس، سیمنٹ و انشورنس سیکٹر میں خریداری سے انڈیکس میں 58 پوائنٹس کا اضافہ


Business Reporter December 06, 2014
195 کمپنیوں کی قیمتیں بڑھ گئیں، مارکیٹ سرمایہ 28 ارب 43 کروڑ روپے بلند، 28 کروڑ 65 لاکھ حصص کے سودے۔ فوٹو: آن لائن/فائل

کراچی اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے اختتامی دن جمعہ کو بھی کاروبار میںتیزی کا رجحان دیکھا گیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 32100 کی نفسیاتی حد عبور کرتے ہوئے تاریخ کی نئی بلندترین سطح پر پہنچ گیا۔

تیزی کے نتیجے میں 50 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور مارکیٹ سرمایہ 28 ارب 43 کروڑ روپے سے زائد بڑھ گیا البتہ کاروباری حجم جمعرات کے مقابلے میں 24.28 فیصد کم رہا، تجزیہ کاروں کے مطابق سکوک بانڈ کی نیلامی سے حاصل ہونے والے 1 ارب ڈالر کے ملک کی معیشت میں آنے اور بیرون ملک پاکستان کا معاشی استحکام بہتر ہونے کے تاثر کے باعث مارکیٹ میں تیزی دیکھی جارہی ہے اور سرمایہ کار بڑے پیمانے پر حصص کی خریداری کررہے ہیں۔

کاروبار کے دورن ایک موقع پر 5 پوائنٹس کی معمولی مندی بھی ہوئی تاہم حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاؤسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے بینکنگ، گیس، سیمنٹ اور انشورنس سیکٹر میں خریداری کے باعث مندی کے اثرات زائل ہوگئے، سرمایہ کاروں کی جانب سے فروخت کے بجائے خریداری کو ترجیح دینے کی وجہ سے انڈیکس ایک موقع پر 32315.56 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بھی دیکھا گیا مگر اس موقع پر منافع کے حصول کے لیے فروخت کی وجہ سے یہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 57.85 پوائنٹس کے اضافے سے پہلی بار 32148.78 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 68.16 پوائنٹس کی کمی سے 20813.33 پوائنٹس ،کے ایم آئی 30 انڈیکس 132.24 پوائنٹس گھٹ کر 51068.54 اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 104.37 پوائنٹس کے اضافے سے 23380.02 پر بند ہوا۔

مارکیٹ میں 396 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 195کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 173کمپنیوں کے دام میں کمی اور 28 کمپنیوں کے نرخ میں استحکام رہا، مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 28 ارب 43 کروڑ 13 لاکھ 76 ہزار 139 روپے کے اضافے سے 73 کھرب 55 ارب 90 کروڑ72 لاکھ 21 ہزار 305 روپے ہوگیا، مجموعی طور پر کاروباری سرگرمیاں 28 کروڑ 64 لاکھ 96 ہزار 680 شیئرز تک محدود رہیں جو جمعرات کے مقابلے میں 9 کروڑ 18 لاکھ 72 ہزار 470 شیئرز کم ہیں۔