تیل کی قیمتیں 5 سال کی کم ترین سطح پر آگئیں

رواں ماہ 6.35ڈالر کی مزید کمی سے قیمتیں 66.19 ڈالر فی بیرل تک گرگئیں


INP December 10, 2014
سعودی عرب سمیت دیگر ممالک تیل کی قیمت 60 ڈالر پر روکنے کے لیے سرگرم۔ فوٹو: فائل

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں گزشتہ 5سال کی کم ترین سطح 66.19ڈالر فی بیرل پرپہنچ گئیں۔

رواں ماہ کے دوران تیل کی قیمتوں میں 6.35 ڈالر فی بیرل کمی واقع ہوئی، سعودی عرب سمیت تیل پیدا کرنیوالے متعدد ممالک خام تیل کی قیمت 60ڈالر پر روکنے کیلئے سرگرم ہوگئے۔ منگل کوعالمی (امریکی) مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں مزید نیچے آگئیں جب کہ دسمبر کے پہلے 8 روز میں عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں 6 ڈالر 35 سینٹ کی گراوٹ آئی ہے جوآئل مارکیٹ کے لیے دھچکا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے رحجان کودیکھتے ہوئے سمیت تیل پیدا کرنے والے کئی ممالک متحرک ہوگئے ہیں۔ خام تیل 60ڈالر فی بیرل سے نیچے آگیا توسعودی عرب، کویت، ایران، وینزویلا سمیت تیل کی پیداوارپر انحصار کرنے والے ممالک کی معیشتیں بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔