اپوزیشن کے مظاہروں نے پاکستان میں اداروں کیلئے چیلنج کھڑا کردیا امریکا

پاکستان پر تنقید کرنا تو آسان ہے لیکن اسکی کامیابیاں بھی آسانی سے نظرانداز کردی جاتی ہیں، امریکی نمائندہ خصوصی


News Agencies December 15, 2014
پاکستان نے عسکریت پسندوں پر قابو پالیا، امریکا پاکستان سے دوطرفہ تعاون جاری رکھے گا، جیریٹ بلینک۔ فوٹو: اسد اللہ/ ایکسپریس/فائل

امریکا نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے مظاہروں نے پاکستان کے جمہوری اداروں کیلئے چیلنج کھڑا کردیا ہے اور جمہوری ادارے طوفان کا مقابلہ کررہے ہیں۔

امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاک افغان امور جیرٹ بلینک نے کانگریس کی سب کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کی صورتحال پر تفصیلی بیان د یتے ہوئے کہا کہ مستحکم،خوشحال پاکستان دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے، پاکستان کا خطے میں تعمیری کردار اور بھرپور اثر ہے، پاکستان نے جمہوری اور اقتصادی طور پر پیش رفت کی ہے، اس کے ادارے اپوزیشن کے ملک گیر احتجاج کے چیلنج کا مقابلہ کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ناقص کارکردگی پر تنقید کرنا تو آسان ہے لیکن اس کی کامیابیاں بھی اتنی ہی آسانی سے نظر انداز کردی جاتی ہیں، پاکستان نے وزیرستان میں وسیع آپریشن کے ذریعے عسکریت پسندوں کی کارروائیوں پر قابو پالیا ہے، امریکا پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون جاری رکھے گا، جان کیری پاکستان کے ساتھ بات چیت کاانتظار کر رہے ہیں اوروہ آئندہ برس پاکستان کا دورہ کریں گے۔

جیرٹ بلینک نے مزیدکہاکہ پاکستان کے ساتھ تعمیری بات چیت کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اورقومی سلامتی پالیسی کے تحت پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھاجائے گا، پاکستان نے اقتصادی اور جمہوری میدانوں میں ترقی کی ہے، دوطرفہ تعلقات میں فروغ سے دونوں ممالک باہمی سلامتی کیلیے عملی اقدامات کر سکتے ہیں۔

مقبول خبریں