وقت آگیا تمام سیاسی جماعتیں دہشت گردی کیخلاف متحدہ ہوجائیں ایکسپریس فورم

سانحہ پشاور پر انسانیت شرمسار ہے، افتخار حسین، سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر آئے، عنایت اللہ


Numainda Express December 18, 2014
پشاور: مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما سانحہ پشاور پر ایکسپریس فورم میں اظہار خیال کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

سیاسی جماعتوں کی صوبائی قیادت نے سانحہ پشاور کو انتہائی المناک اور دنیا کی تاریخ کا بڑا المیہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر خیبر پختونخوا سمیت سارے ملک سے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں۔ دہشتگردوں کا گھیرا تنگ کر دیا جائے۔ ان سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔

ان خیالات کا اظہار قائدین نے ''پشاور سانحے کے بعد دہشتگردی ختم کرنے کیلئے اب کیا حکمت عملی ہونی چاہیے'' کے موضوع پر منعقدہ ایکسپریس فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ فورم کے شرکاء میں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر ابراہیم، تحریک انصاف کے رہنما سابق صوبائی وزیر شوکت علی یوسفزئی، قومی وطن پارٹی کے صوبائی صدر سکندر خان شیرپاؤ، عوامی جمہوری اتحاد کے سربراہ اور سینئر صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار حسین بابک، مسلم لیگ (ق ) کے صوبائی سیکریٹری جنرل انتخاب خان ایڈوکیٹ اور جمیعت علمائے اسلام ف کے صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا شجاع الملک شامل تھے۔

صوبائی حکومت کی نمائندگی سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان نے کی۔ پاک فوج کے سابق بریگیدئر اور دفاعی تجزیہ نگار محمود شاہ نے بھی فورم میں شرکت کی۔ فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ ایک عرصہ سے ہم دہشتگردی کی جنگ میں جل رہے ہیں اور ابتک ہزاروں واقعات میں لاتعداد قیمتی جانوں کا نذرانہ دے چکے ہیں لیکن آرمی سکول کے واقعے نے تو حد کر دی۔ تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اس واقعے نے تو ہم سب کو خون کے آنسو رلا دیا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ تمام سیاسی پارٹیاں متحد ہو کر کوئی ٹھوس لائحہ عمل مرتب کریں۔

عوامی جمہوری اتحاد کے سربراہ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ حکومت اور سیاسی قیادت کا سرجوڑ کر فیصلے کرنا ملک کے بہترین مفاد میں ہو گا اور انہیں یقین ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈر جب ایک پیج پر آگئے ہیں تو اس کا نتیجہ بھی ملک و قوم کے حق میں ہوگا۔ اے این پی کے سردار حسین بابک نے کہا کہ حکومت کو اس جنگ کو اون کرنا ہو گا اور سب کو لیکر ساتھ چلنا ہوگا۔

جمیعت علمائے اسلام کے صوبائی سیکریٹری جنرل مولانا شجاع الملک نے کہا کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں، عسکری قیادت اور پوری قوم کو ملکر اس عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔ جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلیے کسی مصلحت پسندی سے بچنا ہوگا۔ مسلم لیگ ق کے صوبائی سیکریٹری جنرل انتخاب خان ایڈوکیٹ نے کہا کہ سیاسی قیادت کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا لائق ستائش ہے دفاعی تجزیہ نگار بریگیڈیئر رٹائرڈ محمود شاہ نے کہا کہ پشاور سانحے نے طالبان کی بربریت واضح کر دی۔