پولیس ڈاکٹروں کے تحفظ کیلیے موثر اقدامات کرے آئی جی سندھ

پی ایم اے کے احتجاج کی روزنامہ ایکسپریس میں شائع خبر پر غلام حیدر جمالی نے نوٹس لے لیا


Staff Reporter December 24, 2014
پی ایم اے کے احتجاج کی روزنامہ ایکسپریس میں شائع خبر پر غلام حیدر جمالی نے نوٹس لے لیا۔ فوٹو: فائل

آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے احتجاج کے حوالے سے ایکسپریس اخبار میں شائع ہونے والی خبرکا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو کو ہدایت کی ہے کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے فوری اجلاس کرکے ڈاکٹروں کو بھتہ مافیا، ٹارگٹ کلنگ اور سیکیورٹی سے متعلق تحفظات کو دور کرنے کے سلسلے میں موثر حکمت عملی بنائیں۔

انھوں نے کہا کہ پی ایم اے کے نمائندوں سے مشاورت اور ان کی تجاویز کی روشنی میں سرکاری اور نجی اسپتالوں اور نجی کلینک میں مصروف ڈاکٹروں کی سیکیورٹی کے لیے زونل سطح پر سفارشات تیار کرکے عمل کیا جائے، انھوں نے ڈاکٹروں کی سیکیورٹی اور اس ضمن میں ان کی شکایات پر نہ صرف فوری پولیس کارروائی بلکہ ملوث عناصر کیخلاف قانونی کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔