حصص مارکیٹ میں ریکارڈ ساز تیزی کا تسلسل مزید 180 پوائنٹس کا اضافہ

کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 43ارب 62 کروڑ 50 لاکھ 81 ہزار 881 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔


Business Reporter January 16, 2015
کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 43ارب 62 کروڑ 50 لاکھ 81 ہزار 881 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج تاریخ میں پہلی بار 33700 پوائنٹس کاسنگ میل بھی عبور کرگئی، جمعرات کوکاروبار کے آغاز سے تیزی کا رجحان غالب رہا۔

سرمایہ کاروں نے منافع بخش سیکٹرز سمیت کم قیمت حصص کی خریداری میں دلچسپی برقراررکھی جس کی وجہ سے ٹریڈنگ کے کے دوران کے ایس ای 100انڈیکس 33600، 33700، 33800 اور33900 پوائنٹس کی 4بالائی حدوں کوعبور کرگیا تاہم مقامی انسٹی ٹیوشنز اوربروکریج ہائوسز کی جانب سے منافع کے حصول کی خاطر بعض اسٹاکس میں معمولی فروخت دیکھی گئی جس سے تیزی کی شرح میں کمی ہوئی لیکن اس کے باوجود نیا ریکارڈ بن گیا، سرمایہ کار کیمیکل، سیمنٹ، فرٹیلائزر اور بینکنگ سیکٹر میںخاصے سرگرم نظر آئے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق رزلٹ سیزن کے آغاز، کمپنیوں کے بہتر مالی نتائج اور شرح سود میں متوقع کمی وہ عوامل ہیں جو مارکیٹ کو مسلسل اوپر لے جارہے ہیں، جمعرات کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس179.86 پوائنٹس کے اضافے سے 33765.61 پوائنٹس پربند ہوا،کے ایس ای 30 انڈیکس 96.82پوائنٹس بڑھ کر 21800.72 اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس138پوائنٹس کے اضافے سے 24505.34 پوائنٹس پر آگیا۔

کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 43ارب 62 کروڑ 50 لاکھ 81 ہزار 881 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 76 کھرب 86 ارب 14 کروڑ85 لاکھ 45 ہزار 291 روپے سے بڑھ کر 77 کھرب 29 ارب 77 کروڑ 36 لاکھ 27 ہزار 172 روپے ہوگیا، کاروباری حجم بدھ کے مقابلے میں 4.81 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 39 کروڑ 96 لاکھ6ہزار920 حصص کاکاروبار ہوا اور ٹریڈنگ ویلیو 17 ارب روپے ریکارڈ کی گئی، کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 418کمپنیوں کے حصص تک وسیع ہوا جس میں سے 246 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 158 میں کمی اور 14 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔