آئی سی سی کے چیف نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی

رواں ماہ یا نومبرمیں آئینگے، گاوسکرنے پاکستانی ٹیم کے دورہ بھارت کی حمایت کر دی


Saleem Khaliq October 04, 2012
وسیم اکرم نے بولرزکی رہنمائی کایقین دلادیا، پی پی ایل پربھی مشورے دیں گے، ذکا اشرف فوٹو : فائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے دورئہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی۔

وہ رواں ماہ کے آخر یا نومبر میں آئیں گے، دوسری جانب سابق بھارتی کپتان سنیل گاوسکر نے سابقہ موقف تبدیل کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے دورے کی حمایت کر دی، وہ مجوزہ پی پی ایل کے دوران سابق ہم وطن ٹیسٹ کرکٹرز کا وفد لے کر پاک سرزمین آنے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں، یہ تفصیلات چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو کولمبو سے فون پر خصوصی انٹرویو میں بتائیں، انھوں نے کہا کہ میری آئی سی سی کے صدر ایلن آئزک اور چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن سے کولمبو میں میٹنگز ہوئیں۔

دونوں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی چاہتے ہیں، رچرڈسن کو میں نے دورے کی دعوت دی تو انھوں نے رواں ماہ کے آخر یا نومبر میں آنے پر آمادگی ظاہر کر لی، ہم انھیں ملک میں سیکیورٹی حالات کے حوالے سے بریفنگ دینے کے ساتھ مستقبل کے فول پروف پلانز سے بھی آگاہ کرینگے۔ انھوں نے کہا کہ میری سابق بھارتی کپتان سنیل گاوسکر سے بھی خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی،وہ بھی میرے مدعو کرنے پر پاکستان آنے پر تیار ہو گئے، آئندہ برس کی مجوزہ پاکستان پریمیئر لیگ میں گاوسکر سابق بھارتی کرکٹرز کا ایک وفد لے کر آئینگے۔

انھوں نے رواں سال کے آخر میں پاکستانی ٹیم کو بھارتی سرزمین پر کھلے دل سے خوش آمدید کہنے کا یقین دلایا اور باہمی روابط کی بحالی کو مثبت قدم قرار دیا ہے، یاد رہے اس سے قبل جب سیریز کا اعلان ہوا تو گاوسکر نے مخالفت میں بیان دیا تھا۔ چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ سری لنکا میں ہی وسیم اکرم سے بھی مفید بات چیت ہوئی، انھوں نے ایک بار پھر نوجوان بولرز کی رہنمائی کا یقین دلاتے ہوئے اکیڈمی میں بھی آنے کا کہا ہے، وسیم سے ہم پی پی ایل کے انعقاد پر بھی مشورے لینگے۔

مقبول خبریں