واہگہ و طورخم سرحد پر زمینی بندرگاہ تعمیر کی جائے گی خرم دستگیر

دوسرے مرحلے میں میرجاوہ، موناباؤ کھوکھرا پار سرحد پر بھی بندرگاہ تعمیر ہوگی،وفاقی وزیرتجارت


Business Reporter January 24, 2015
خدمات کی برآمد بڑھانے کیلیے سروسز ٹریڈ ڈیولپمنٹ کونسل قائم کردی،پہلے اجلاس سے خطاب۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پڑوسی ممالک سے تجارت بڑھانے کے لیے چند ماہ میں واہگہ اور طور خم سرحد پر زمینی بندرگاہ تعمیر کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں میرجاوہ اور موناباؤ کھوکھرا پار سرحد پر بھی بندرگاہ تعمیر ہوگی۔

سروسز سیکٹر کی برآمدات میں اضافے کیلیے سروسز ٹریڈ ڈیولپمنٹ کونسل قائم کردی ہے جس کے ذریعے ملک کے تمام سروسز سیکٹر کو برآمدات کی غرض سے مستحکم کریں گے۔ سروسز ٹریڈ ڈیولپمنٹ کونسل کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خرم دستگیر خان نے کہا کہ پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی، بینکنگ، انشورنس، تعمیرات، افرادی قوت، ٹریول ایجنسیوں کے سیکٹروں میں سروسز کی برآمدات کے بے تحاشہ مواقع موجود ہیں جن کے لیے ضروری قانونی اور انتظامی تبدیلیاں لائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سروسز سیکٹر کا حصہ پاکستان کے جی ڈی پی میں پچاس فیصد سے زائد ہے لیکن گزشتہ ٹریڈ پالیسیوں میں اس سیکٹر کو جائز حصہ نہیں دیا گیا، لہذا سروسز سیکٹر کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہوسکا۔انہوں نے کہا کہ سروسز سیکٹر کی برآمدات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلیے نئی ریگولیشنزلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کی ترسیلات ملک میں منگوانے کیلیے اسٹیٹ بینک سے بات چیت کریں گے، سروسز سیکٹر کی کمپنیوں کو ٹی ڈی اے پی کی بیرون ممالک نمائشوں میں شمولیت کیلیے بھی ٹی ڈی اے پی ہر ممکنہ سہولت فراہم کرے گا۔