گھی ملز نے ٹینکرز کے کرایوں میں10فیصد کمی کا مطالبہ کر دیا

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجودٹینکرز ایسوسی ایشن نے کرائے گھٹانے سے انکار کردیا


Business Reporter February 01, 2015
پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی نے ٹینکرز ایسوسی ایشن سے یکم فروری سے کرایوں میں 10فیصد کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ فوٹو؛فائل

پاکستان وناسپتی ملزایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) نے عالمی ومقامی سطح پرپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود آئل ٹینکرز مالکان کی جانب سے کرایوں میں کمی نہ کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 5 ماہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی لیکن اس کے باوجود ٹینکرز ایسوسی ایشن نے باربرداری کے کرایوں میں کمی نہیں کی۔

جس کے باعث گھی وخوردنی تیل استعمال کرنے والے عام صارف کو مطلوبہ ریلیف نہیں مل رہا، اس عرصے کے دوران گھی صارفین آئل ٹینکرز مالکان کو ڈھائی کروڑ روپے ماہانہ اضافی کرایہ ادا کرچکے ہیں، تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹینکرز ایسوسی ایشن کو کرایوں میں 9 فیصد کمی کرنی چاہیے تھی تاہم ٹینکرز مالکان نے صرف 0.9 فیصد کمی کی۔ پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی نے ٹینکرز ایسوسی ایشن سے یکم فروری سے کرایوں میں 10فیصد کمی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ ٹینکرز مالکان سے مذاکرات کے لیے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ پی وی ایم اے کی جنرل باڈی کا اجلاس چیئرمین عاطف اکرام شیخ کی صدارت میں ہوا ۔

جس میں کراچی سے ملک کے مختلف شہروں کو خوردنی تیل و گھی کی سپلائی کا جائزہ لیا گیا اور ٹینکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے کرایوں میں کمی نہ کرنے کے فیصلے پر احتجاج بھی کیا گیا۔ گھی ملز مالکان کا کہنا تھا کہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے کم کرایوں پر خوردنی تیل کی ترسیل سے انکار کر دیا ہے جس کی وجہ سے ملز مالکان کو کروڑوں روپے کا نقصان اور عوام کو سستا گھی نہیں مل رہا۔ وناسپتی ایسوسی ایشن نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ انٹرسٹی بس کرایوں کی طرح ٹینکرز کے بھی کرائے جاری کیے جائیں اور کارگو کے کرایوں میں خاطر خواہ کمی کرائی جائے۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ کارگو کرایوں میں کمی کے بعد گھی تیل کی قیمتوں میں کمی کی جا سکتی ہے۔