حصص مارکیٹ مندی سے نکل آئی 157 پوائنٹس کا اضافہ

تیزی کےسبب 54.76 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی36ارب57کروڑ18لاکھ57ہزار378 روپے کا اضافہ ہوگیا،


Business Reporter February 14, 2015
کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 23 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر24 کروڑ96 لاکھ89 ہزار 700 حصص کے سودے ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

KARACHI: ایس ای سی پی کی جانب سے پرانے سودوں کے تصفیوں کی مدت بڑھائے جانے اور خام تیل کی عالمی قیمتوں میں بہتری سے آئل اسٹاکس میں سرمایہ کاری رحجان بڑھنے کے سبب کراچی اسٹاک ایکس چینج میں طویل دورانیے کے بعد جمعہ کو ایک بارپھر تیزی کا رحجان غالب ہوگیا جس سے انڈیکس کی33800 اور33900 پوائنٹس کی 2حدیں بیک وقت بحال ہوگئیں۔

تیزی کے سبب 54.76 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی 36 ارب57 کروڑ18 لاکھ57 ہزار378 روپے کا اضافہ ہوگیا، کاروباری دورانیے میں بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز، دیگر آرگنائزیشنز اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر71 لاکھ 66 ہزار501 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود مارکیٹ میں تیزی کے اثرات غالب رہے کیونکہ ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں کی جانب سے22 لاکھ48 ہزار920 ڈالر، مقامی کمپنیوں کی جانب سے27 لاکھ 39 ہزار465 ڈالراور این بی ایف سیز کی جانب سے21 لاکھ78 ہزار 116 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جس سے مارکیٹ کا مورال بلندی کی جانب گامزن رہا۔

کاروبارکے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 156.78 پوائنٹس کے اضافے سے 33943.20 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 149.92 پوائنٹس کے اضافے سے21996.26 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 176.38 پوائنٹس کے اضافے سے 54474.91 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 23 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر24 کروڑ96 لاکھ89 ہزار 700 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار367 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں201 کے بھاؤ میں اضافہ، 135 کے داموں میں کمی اور31 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔