موبی لنک نے سمز تصدیق کیلیے پولیو ورکرز کی خدمات حاصل کرلیں

لیڈی ہیلتھ ورکرز کو تصدیق کیلیے خصوصی وائر لیس ڈیوائسز فراہم کی گئی ہیں۔


Business Reporter February 16, 2015
موبی لنک نے سندھ کے چھوٹے شہروں اور دور دراز علاقوں میں پولیو رضاکاروں او رہیلتھ ورکرز کو متحرک کردیا ہے فوٹو: ایکسپریس/فائل

موبائل کنکشنز کی بائیو میٹرک تصدیق کیلیے لیڈی ہیلتھ ورکرز اور پولیو رضاکاروں کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں۔

موبائل فون کمپنی موبی لنک نے سندھ کے چھوٹے شہروں اور دور دراز علاقوں میں پولیو رضاکاروں او رہیلتھ ورکرز کو متحرک کردیا ہے۔ یہ رضاکار پولیو مہم نہ ہونے کی وجہ سے فارغ تھے جنہیں خصوصی تربیت دے کر گھر گھر تصدیق کیلیے استعمال کیا جارہا ہے۔ ابتدائی طور پر ہیلتھ ورکرز کی خدمات سندھ کے چھوٹے شہروں کیلیے لی جارہی ہیں اور پہلے مرحلے میں حیدرآباد کے نواحی علاقوں میں 15سے 20 لیڈی ہیلتھ ورکرز کو متحرک کیا گیا ہے۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو تصدیق کیلیے خصوصی وائر لیس ڈیوائسز فراہم کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ پی ٹی اے نے پہلے مرحلے میں تصدیق کیلیے 26 فروری تک کی مہلت دی ہے جس کے بعد یہ سمیں بند کردی جائیں گی۔ پی ٹی اے کے جاری کردہ ایس او پی کے مطابق موبائل فون کمپنیاں دور دراز علاقوں میں متحرک ٹیموں کے ذریعے بھی بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت فراہم کرسکتی ہیں۔