چہرہ بے نقاب ہونے کے ڈر سے حکمراں جوڈیشل کمیشن نہیں بنارہے عمران

انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، چیرمین تحریک انصاف


INP February 16, 2015
عوام نااہل حکمرانوں کو برداشت کرنے کیلیے تیار نہیں، نواز شریف فکسڈ میچ کے کھلاڑی ہیں، عمران خان۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کی تحقیقات نہیں ہوتی ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

تحر یک انصاف پنجاب کی پا رلیمانی پارٹی کے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اپنا اصل چہرہ بے نقاب ہونے کے خوف سے جو ڈیشل کمیشن بنانے سے ڈرتی ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہم قومی اداروں کے ساتھ ہیں اوردہشت گردوں کو کسی صورت ان کے عزائم میں کا میاب نہیں ہونے دیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ ن لیگ عوام کے ووٹوں سے نہیں دھاندلی سے اقتدار میں آئی ہے، اسی وجہ سے جب بھی دھاندلی کی تحقیقات کی بات کی جاتی ہے تو ن لیگ کے لوگ چورمچائے شور کی پالیسی کے تحت شورمچانا شروع کردیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عام انتخابات سے پہلے قوم سے جوبھی وعدے کیے تھے ان پرآج تک عمل نہیں کیا۔

حکمرانوں کے ناکام تجر بہ نے قوم کو بحرانوں کے سوا کچھ نہیں دیا،عوام نااہل اورکر پٹ حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیںاوران کے مظالم کوکسی بھی صورت مزید برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ۔ادھر اپنے ایک ٹویٹ میں عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف صرف فکسڈ میچز کے کھلاڑی ہیں، 2013 کے عام انتخابات اس کی مثال ہیں۔ دوسری جانب اراکین نے عمران خان کی قیادت پراعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی پالیسوں کی مکمل حمایت کی۔