عمران خود اپنے ارکان اسمبلی سے خوفزدہ ہیں عابد شیر علی

عمران خان اپنی تاریخ پیدائش پربھی کوئی شکوک و شہبات ہیں تو وہ اس کی بھی تصدیق کرالیں، وزیر مملکت برائے پا نی و بجلی


INP/Numainda Express February 17, 2015
عمران خان سینیٹ الیکشن میں اوپن بیلٹ کا مطالبہ کرتے ہیں جبکہ وہ اپنی ہی پارٹی کے ایم پی ایز سے خوفزدہ ہیں، عابد شیر۔ فوٹو: فائل

وزیر مملکت برائے پا نی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان ہر بات پر شک کرنے کے عادی ہیں، بہتر ہوگا کہ اگر انہیں ا پنی تاریخ پیدائش پربھی کوئی شکوک و شہبات ہیں تو وہ اس کی بھی تصدیق کرالیں۔

سکھر میں 132 کے وی گرڈ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کے افتتاح کے موقع پرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ عمران خان دوسروں سے سینیٹ الیکشن میں اوپن بیلٹ کا مطالبہ کرتے ہیں جبکہ وہ اپنی ہی پارٹی کے ایم پی ایز سے خوفزدہ ہیں، دراصل انہیں اپنے ایم پی ایز پر اعتماد نہیں۔ وفاقی وزیر نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ دسمبر 2017 تک پاکستان کو لوڈ شیڈنگ سے پاک کردیں گے۔ نندی پور پاور پراجیکٹ منصوبے پر بابر اعوان نے چا رکروڑ روپے رشوت لی اور اس کی وجہ سے 113 ارب روپے کا نقصان ہوا اور وہی بابر اعوان اب شیخ الحدیث بن کرگھوم رہے ہیں ان کو حساب دینا پڑے گا۔

عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ کراچی الیکٹرک ہما ری سو ارب روپے کی نا دہندہ ہے۔ کے الیکٹرک والوں نے اپنا پیسہ تو دبئی بھیج دیاہے مگر ہمارے پیسے پر موج کر رہے ہیں اورکہتے ہیں کہ معاہدہ کرو مگر بھول جائیں پہلے ہما را پیسہ دیں پھر نیپرا کی جانب سے مقرر کیے جانے والے ٹیرف پر بات ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی جانب ایک سو دس ارب ،آزاد جموں کشمیر کی جانب49 ارب، سندھ کی جانب 69 ارب، پنجاب کی جانب5 ارب، کے پی کے کی جانب 20 ارب واجب الادا ہیں۔ انھوں نے اراکین پا رلیمنٹ سے کہا کہ وہ لو گوں کو بجلی کے بل جمع کرا نے کی طرف راغب کریں ہم مفت میٹر لگانے کو تیار ہیں صارفین تعاون کریں۔