کراچی اسٹاک مارکیٹ میں تیزی 2 نفسیاتی حدیں بحال

62.16 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں25 ارب8 کروڑ89 لاکھ52 ہزار 605 روپے کا اضافہ ہوگیا۔


Business Reporter February 20, 2015
کاروباری حجم بدھ کی نسبت46.21 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر24 کروڑ1 لاکھ94 ہزار730 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار370 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں درج بینکس، سیمنٹ اور فرٹیلائزر سیکٹر کی کمپنیوں سے متعلق مثبت خبروں اور گزشتہ چند روزہ مندی میں ان شعبوں کے نچلی قیمتوں پرآنے والے حصص کی بڑھتی ہوئی خریداری سرگرمیوں کے باعث جمعرات کو حصص کی تجارت ایک بارپھراتارچڑھاؤ کے بعد تیزی کی جانب گامزن ہوئی جس سے انڈیکس کی33800 اور33900 پوائنٹس کی دوحدیں بیک وقت بحال ہوگئیں۔

62.16 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں25 ارب8 کروڑ89 لاکھ52 ہزار 605 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں سرمایہ کاروں، بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر94 لاکھ39 ہزار154 ڈالر مالیت کے سرمائے کے انخلا سے ایک موقع پر73.57 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی لیکن اس دوران مقامی کمپنیوں کی جانب سے37 لاکھ89 ہزار454 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے9 لاکھ99 ہزار411 ڈالر اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے46 لاکھ50 ہزار289 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کے نتیجے میں مندی کے اثرات زائل ہوگئے۔

نتیجتا کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 223.42 پوائنٹس کے اضافے سے33942.28 پوائنٹس اورکے ایس ای30 انڈیکس142.23 پوائنٹس کے اضافے سے22085.46 ہوگیا جبکہ اس کے برعکس کے ایم آئی30 انڈیکس14.90 پوائنٹس کی کمی سے 54455.22 ہوگیا، کاروباری حجم بدھ کی نسبت46.21 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر24 کروڑ1 لاکھ94 ہزار730 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار370 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں230 کے بھاؤ میں اضافہ 121 کے داموں میں کمی اور19 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔