حصص مارکیٹ میں نچلی قیمتوں پر خریداری 51 پوائنٹس ریکور

کاروباری حجم جمعرات کی نسبت8.77 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 26 کروڑ12 لاکھ71 ہزار140 حصص کے سودے ہوئے


Business Reporter February 21, 2015
کاروباری حجم جمعرات کی نسبت8.77 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 26 کروڑ12 لاکھ71 ہزار140 حصص کے سودے ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی /فائل

ملک کے تجارتی خسارہ میں کمی اوردیگر معاشی اشاریوں میں بہتری، بعض کمپنیوں کی بہترین مالیاتی نتائج اور نچلی قیمتوں پرمختلف شعبوں میں خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی اتارچڑھاؤ کے بعد تیزی کا تسلسل برقرار رہا جس سے 42.50 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 13 ارب81 کروڑ96 لاکھ 50 ہزارروپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔

کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر30 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی لیکن بعدازاں معاشی اشاریوں میں بہتری کی اطلاعات پرمختلف شعبوں میں سرمایہ کاری رحجان بڑھنے سے مندی کے اثرات زائل ہوگئے اورایک موقع پر202.29 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 34100 کی حد بھی بحال ہوگئی تھی لیکن اس کے بعد فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے تیزی کی شرح میں کمی ہوئی۔

ٹریڈنگ کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں، مقامی کمپنیوں، این بی ایف سیز، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر 82 لاکھ79 ہزار559 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جبکہ بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے 56 لاکھ73 ہزار700 ڈالر اور میوچل فنڈز کی جانب سے26 لاکھ5 ہزار 859 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا۔

تیزی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس50.72 پوائنٹس کے اضافے سے 33993 اور کے ایس ای30 انڈیکس53.98 پوائنٹس کے اضافے سے22139.44 ہوگیا تاہم کے ایم آئی30 انڈیکس191.95 پوائنٹس کی کمی سے 54263.27 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت8.77 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 26 کروڑ12 لاکھ71 ہزار140 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار360 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 153 کے بھاؤ میں اضافہ، 190 کے داموں میں کمی اور17 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔