سبزی منڈی میں ایڈمنسٹریٹر نے پلاٹنالے اورپولیس چوکی کی زمین بیچ دی

شاہنواز نے وزیرکے نام پرلوٹ مارکی،سیکریٹری نے معطل کرکے انکوائری کاحکم دیدیا


Business Reporter February 24, 2015
سبزی منڈی میں گاڑیوں کی انٹری فیس کی مد میں یومیہ ڈیڑھ لاکھ کا غبن جاری ہے ۔ فوٹو : فائل

ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی شاہنواز کتریو نے سبزی منڈی میں کمرشل پلاٹ، نالے اور پولیس چوکی کی زمین بیچ دی۔

غیر قانونی طور پر الاٹمنٹ کے چالان جاری کرنے اور وزیر زراعت کے نام پر کرپشن کرنے پر محکمہ زراعت نے ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی شاہنواز کتریو کو معطل کرکے انکوائری کا حکم دیدیا ہے ۔

شاہنواز کتریو نے فروٹ سیکشن میں پولیس چوکی، نالے کی زمین، کینٹین کی زمین الاٹ کرنے کے ساتھ کمرشل دکانیں بھی غیرقانونی طور پر الاٹ کردیں شاہنواز کتریو نے اس معاملے پر محتسب کے احکام بھی نظر انداز کردیے ان شکایات پر منڈی کے تاجروں نے صوبائی وزارت تجارت سے رجوع کیا اور وفد نے سیکریٹری زراعت سے ملاقات کرکے صورتحال سے آگاہ کیا کہ منڈی میں گاڑیوں کی انٹری فیس کی مد میں یومیہ ایک سے ڈیڑھ لاکھ روپے کا غبن جاری ہے۔

سبزی منڈی کے تاجروں کے وفد نے گزشتہ روز سیکریٹری زراعت شاہد گلزار شیخ سے ملاقات کرکے ایڈمنسٹریٹر شاہنواز کتریو کی کرپشن سے آگاہ کیا جس پر سیکریٹری زراعت نے وزیر زراعت کی ہدایت پر شاہنواز کتریو کی معطلی کا حکم جاری کردیا ،سبزی منڈی تاجروں کے مطابق منڈی میں کرپشن عروج پر ہے۔