پاکستان تجارت بڑھانے کے لئے سرگرمی دکھائے تاجک سفیر

مصنوعات کی طلب کے باوجود تاجکستان میں پاکستانی نمائش نہ ہونا بدقسمتی ہے،کراچی چیمبر کا دورہ


Business Reporter March 19, 2015
تجارت بڑھانے کیلیے کاروباری ملاقاتوں اور عوامی رابطوں پرزور، دورہ تاجکستان کی دعوت بھی دی۔ فوٹو: فائل

KARACHI: تاجکستان کے سفیر شیرعلی ایس جونونوو نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کیلئے دونوں ملکوں کی عوام کے درمیان باہمی رابطوں اور بزنس ٹو بزنس میٹنگز کے انعقاد پر زور دیا ہے۔

کراچی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پرانھوں نے کراچی چیمبر کو تاجکستان کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ شعبہ جاتی بنیادوں پرباہمی تجارت بڑھانے کیلیے کراچی چیمبر فوری طور پر تجارتی وفد تشکیل دے،تاجکستان میں پاکستانی مصنوعات کی بہت زیادہ طلب ہے ۔انھوں نے پاکستانی مصنوعات اور خدمات کو تاجکستان میں موثر طریقے سے فروغ دینے پر زور دیااور کہاکہ تاجکستان میں ہر سال 4 سے 5 نمائشیں ہوتی ہیں مگر بدقسمتی سے پاکستان کی جانب سے کوئی نمائش منعقد نہیں کی جاتی، پاکستانی مصنوعات کوفروغ دینے کیلیے2004 میں کچھ سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں اور یہ بات بہت ایمانداری سے کہی جاسکتی ہے کہ پاکستان نے بہت دیر کردی، اسے مزید فعال ہونے کی ضرورت ہے، تاجک سفارتخانہ اس حوالے سے پاکستان کو ہرممکن تعاون پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔