پلیئرز کو آئی پی ایل کھیلنے سے نہیں روکا سی اے

اسٹار آل رائونڈر شین واٹسن کا طرزعمل دیگر پلیئرز کیلیے قابل تقلید ہے، بورڈ


Sports Desk October 08, 2012
کینگرو بورڈ نے اس ضمن میں شین واٹسن کی مثال پیش کی ہے جنھوں نے ٹیم کی ضرورت کے وقت اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے. فوٹو: فائل

PESHAWAR: کرکٹ آسٹریلیا نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ برس ایشز سیریز کے پیش نظر کھلاڑیوں کو تازہ دم رکھنے کیلیے آئی پی ایل میں عدم شرکت کے حوالے سے کوئی دبائو نہیں ڈالا جائے گا۔

کینگرو بورڈ نے اس ضمن میں شین واٹسن کی مثال پیش کی ہے جنھوں نے ٹیم کی ضرورت کے وقت اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، اس سلسلے میں سی اے نے دیگر کھلاڑیوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ واٹسن کے طرز عمل سے سبق حاصل کریں۔ یاد رہے کہ واٹسن کو گذشتہ ماہ کی یواے ای ون ڈے سیریز میں پاکستان کیخلاف ٹیم میں نمائندگی حاصل نہیں تھی لیکن انھوں نے سری لنکا میں منعقدہ حالیہ ٹی 20 ورلڈکپ میں پرفارمنس کے جوہر دکھا کر اپنی اہمیت ثابت کردی۔

وہ نہ صرف بیٹنگ میں ٹاپ پوزیشن پر رہے بلکہ بولنگ میں بھی انھوں نے فائنل سے قبل تک وکٹوں کے حصول کی دوڑ میں ٹاپ بولر اجنتھا مینڈس کی ہمسری کی تاہم مینڈس کو سری لنکا کے فائنل میں پہنچنے سے مزید بہتری کا موقع حاصل ہوا،آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان اگرچہ بورڈ کیلیے اہم سیریز کے حوالے سے کچھ الجھن کا سبب ہیں لیکن سال میں دو ماہ ایسے ہیں جن کی بدولت سی اے انھیں تازہ دم کرسکتا ہے اور وہ مختصرفارمیٹ کی چیمپئنز لیگ سمیت بھارتی ڈومیسٹک ٹی20 ٹورنامنٹ آئی پی ایل ہیں۔ چیمپئنز لیگ رواں ہفتے شروع ہورہی ہے۔

جس میں آسٹریلیا کے واٹسن سمیت مچل اسٹارک، پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، گلین میکسویل اورمائیک ہسی شامل ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا کو اس ایونٹ میں مالی منفعت کے اعتبار سے بھی دلچسپی ہے جبکہ آئی پی ایل آئندہ آسٹریلوی موسم خزاں کے دورئہ بھارت سے موسم سرما تک کے درمیانی عرصہ میں کھیلی جائیگی جب انگلینڈ میں کینگروز آئی سی سی چیمپئنزٹرافی اور ایشز کیلیے مہمان ہونگے، اس سے قبل واٹسن کو کچھ آرام دیے جانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ جو تینوں فارمیٹ کے اہم پلیئرکومختلف مواقع پر دیا جاسکتا ہے۔ اس حوالے سے ٹیم کے پرفارمنس منیجر پیٹ ہارورڈ کا موقف ہے کہ واٹسن فٹنس کی بہتری پر ستائش کے حقدار ہیں اور اس کا شاندار اظہار انھوں نے ٹی 20 ورلڈکپ کے دوران کیا لیکن انھیں کچھ سیریز سے دستبردار کیا جاسکتا ہے۔