توہین آمیز فلم کیخلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری

وحدت المسلمین جماعت اسلامی خواتین ونگ نے لاہور میں ریلیاں نکالیں،بھاگٹانوالہ، ننکانہ، پاکپتن، گجرات میں احتجاج کیا گیا


وحدت المسلمین، جماعت اسلامی خواتین ونگ نے لاہور میں ریلیاں نکالیں، بھاگٹانوالہ، ننکانہ، پاکپتن، گجرات میں احتجاج کیا گیا۔ فوٹو: فائل

گستاخانہ فلم کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں اتوار کو بھی احتجاجی مظاہروں، حرمت رسولؐ مارچ، ریلیوں اور کانفرنسوں کا سلسلہ جاری رہا۔

دنیا کے دیگر ممالک میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔ ادھر افغانستان کے ایک مذہبی اسکالر نے ملعون فلمساز اور گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے کارٹونسٹ کے قتل پر کروڑوں روپے انعام مقرر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق مرکز القادسیہ چوبرجی میں حافظ سعید کی زیر امارت کارکنان کے اجتماع میں '' تحفظ حرمت رسولؐ '' کی تحریک بھرپور انداز میں جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔ کارکنان سے اپنے خطاب میں حافظ سعید نے کہا کہ اگر امریکا کا آئین شان رسالتؐ میں گستاخیوں کی آزادی دیتا ہے تو مسلمانوں کا آئین قرآن پاک ایسے ظالموں کے سر تن سے جدا کرنے کا حکم دیتا ہے۔

مسلم حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل میں انبیاء کی شان میں گستاخی کرنے والوںکے لیے موت کی سزا کا قانون پاس کروائیں۔ مجلس وحدت المسلمین کے زیراہتمام ناصر باغ سے فیصل چوک تک لبیک یارسول اللہﷺ ریلی نکالی گئی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ جواد نقوی نے کہا کہ مغرب مسلمانوں کی تذلیل سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت کررہا ہے، امت مسلمہ کو چاہیے کہ میدان میں اترے۔ جماعت اسلامی ویمن ونگ کے زیراہتمام پنجاب یونیورسٹی نیوکیمپس پل پر شان مصطفیؐ ریلی میںلاہور سے ہزاروں خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔ ریلی سے سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، امیرجماعت اسلامی لاہورامیرالعظیم اور خواتین رہنمائوں نے خطاب کیا۔

صدر ویمن اینڈ فیملی کمیشن ڈاکٹرسمیعہ راحیل قاضی بھی ریلی میں شریک تھیں۔ خاکسار تحریک نے گستاخانہ فلم کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا جس کی قیادت ڈاکٹر صبیحہ المشرقی نے کی۔ جماعۃ الدعوۃ سرگودھاکی طرف سے مین بازار بھاگٹانوالہ تک حرمت رسولﷺکارواں نکالا گیا، اس موقع پر ٹیری جونز اور ملعون فلمساز سام بسائیل کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیاگیا۔ ننکانہ، پاکپتن، گجرات، گوجرانوالہ، مظفر گڑھ، قصور، وہاڑی، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بھی حرمت رسولﷺ کانفرنسوں، جلسوں اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا جن میں بڑی تعداد میں محبا ن رسولﷺ نے شرکت کی۔ادھر جماعت اسلامی کراچی کے زیراہتمام ناموس مصطفی مارچ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مطالبہ کیا کہ امریکی سفیر کو ملک بدر کیا جائے، گستاخ رسول کو پھانسی دی جائے۔

امریکا نے فلم پر پابندی عائد نہ کی تو عوام اسلام آباد تک بھی مارچ کرسکتے ہیں۔ آن لائن کے مطابق جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں ریلوے اسٹیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاگیا، مظاہرین نے ملعون فلمساز کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ برطانیہ میں پارلیمنٹ کے باہر مسلمانوں کی بڑی تعداد نے مظاہرہ کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اٹلی کے شہر بریشیا میں پاکستانیوں سمیت دوسرے ممالک سے تعلق رکھنے والی مسلم کمیونٹیز نے امن کانفرنس کا انعقاد کیا۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان مذہبی اسکالر میرفارو ق حسینی نے ایک بیان میں کہا کہ وہ ملعون فلمساز کو قتل کرنے والے کو 3 لاکھ ڈالر جبکہ ملعون کارٹونسٹ کے قاتل کو 1لاکھ ڈالر دیں گے۔