حصص مارکیٹ میں فروخت پر دباؤ برقرار مزید 407 پوائنٹس گر گئے

گزشتہ روز کاروباری حجم بدھ کی نسبت 160.39 فیصد زائد رہا اورمجموعی طور پر 25 کروڑ 83 لاکھ 24ہزار 500 حصص کے سودے ہوئے،


Business Reporter March 27, 2015
گزشتہ روز کاروباری حجم بدھ کی نسبت 160.39 فیصد زائد رہا اورمجموعی طور پر 25 کروڑ 83 لاکھ 24ہزار 500 حصص کے سودے ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی

ISLAMABAD: کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو بھی اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کا تسلس قائم رہا جس سے بیشتر کمپنیوں کی قیمتیں گر گئیں اور سرمایہ کاری مالیت میں80ارب 49 کروڑ 84لاکھ78ہزار563روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

کاروبار کا آغاز حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤسز اور دیگرانسٹی ٹیوشن کی جانب سے سیمنٹ، بینکنگ، توانائی اور فرٹیلائزر سیکٹر میں خریداری کے باعث مثبت زون میں ہوا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 31359پوائنٹس پر بھی دیکھا گیا تاہم منافع کے حصول کے لیے فروخت پر دباو کے باعث تیزی کے اثرات زائل ہو گئے اور کے ایس ای 100 انڈیکس 407.54 پوائنٹس کمی کے باعث بیک وقت 4 نفسیاتی حدیں گنوا کر 30678.97پوائنٹس پر بند ہوا، کے ایس ای 30 انڈیکس195.17پوائنٹس گھٹ کر 19601.32پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس1032.53پوائنٹس کمی سے 50346.87جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 257.72پوائنٹس کم ہو کر 21976.45پر بند ہوا۔

کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 357کمپنیوں کے حصص تک وسیع ہوا جن میں سے صرف 36 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ،307 کمپنیوں کے حصص کے نرخ میں کمی اور 14کمپنیوں کے حصص کے دام میں استحکام رہا، گزشتہ روز کاروباری حجم بدھ کی نسبت 160.39 فیصد زائد رہا اورمجموعی طور پر 25 کروڑ 83 لاکھ 24ہزار 500 حصص کے سودے ہوئے، شدید مندی کے باعث مارکیٹ سرمایہ 80ارب 49 کروڑ 84لاکھ78ہزار563روپے کی کمی سے 68 کھرب 44 ارب 39 کروڑ 75 لاکھ 19 ہزار 556 روپے رہ گیا۔

قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے انڈس ڈائنگ کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت 33.50 روپے کے اضافے سے703.50روپے اور نیسلے پاک کے حصص کی قیمت8.40روپے بڑھ کر 9990.90روپے ہوگئی، نمایاں کمی باٹا پاک کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت158.10روپے کمی سے 3100 جبکہ ایکسائیڈ پاک کے حصص کی قیمت 53.50 روپے کمی سے 1016.50 روپے ہوگئی، جمعرات کو کے الیکٹرک کی سرگرمیاں 3 کروڑ 39 لاکھ 84 ہزار شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں جبکہ بینک آف پنجاب کی سرگرمیاں 2 کروڑ 21 لاکھ 33 ہزار شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔