کوئٹہ میں بم دھماکا ایک بچہ جاں بحق16 افراد زخمی خضدار میں میڈیکل آفیسر قتل

زرغون روڈ پر پولیس چوکی کے قریب موٹرسائیکل میں نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا، 12 سالہ بچہ جاں بحق


AFP/Numaindgan Express October 09, 2012
کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں تباہ ہونے والے رکشا اور سائیکل کے قریب لوگ جمع ہیں فوٹو : اے ایف پی

کوئٹہ میں موٹر سائیکل بم دھماکے میں ایک بچہ جاںبحق اور4 پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی ہوگئے۔

جنہیں سول اسپتال منتقل کردیا گیا،غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دھماکاریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیاگیا،اے پی سے بات کرتے ہوئے پولیس افسر وزیر خان ناصر نے بتایا کہ دھماکا زرغون روڈ پر پولیس چوکی کے قریب کیاگیا۔ دھماکے سے ایک رکشہ اور کئی دکانیں بھی تباہ ہوئیں، 12 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔دھماکے کے بعدقانون نافذکرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیاہے۔زخمیوں میں موسیٰ اور4 پولیس اہلکاروں اے ایس آئی فتح شیرپولیس تھانہ انڈسٹریل ،کانسٹیبل بشیراحمد پولیس لائن ،کانسٹیبل غنی پولیس لائن ،ہیڈ کانسٹیبل کریم خان پولیس لائن بھی شامل ہیں ۔

زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیاگیا۔اس دھماکے کی ذمے داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔ادھر خضدار میں فائرنگ سے میڈیکل آفیسر سول اسپتال قتل کردیاگیا،پولیس کے مطابق علاقے سول کالونی میں پیر کونامعلوم افراد نے ڈاکٹر داود عزیز کوکلینک جاتے ہوئے فائرنگ سے قتل کردیا اور فرار ہو گئے۔ پولیس نے مقتول کی لاش کواسپتال پہنچایاجہاں پوسٹ مارٹم کے بعد ان کی لاش ورثہ کے حوالے کر دی گئی ۔ پولیس نے ڈاکٹر دائود عزیز کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے، دریں اثنا ثنانیوز کے مطابق ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ماں بیٹا جاں بحق ہوگئے، حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں سوئی سے ڈیرہ بگٹی جا رہے تھے کہ بارودی سرنگ کی زد میں آگئے۔